پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اصغر علی عباس کی غزلیں — Asghar Ali Abbas Ghazals

اصغر علی عباس کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

دشت ہیں نوحہ کناں شہر کی ویرانی پر (غزل)

دشت ہیں نوحہ کناں شہر کی ویرانی پر

کس نے اس شہر کی بنیاد رکھی پانی پر

اک شرر بھید کے مانند چھپا ہے دل میں

ایک وہ رنج کہ ظاہر نہیں پیشانی پر

حبس کی رت میں چلے سانس غنیمت سمجھو

نور کی ایک کرن چاند ہے زندانی پر

کون جانے کہ یہ اسرار کھلیں گے کیسے

کوئی رنجور نہ ہو بے سر و سامانی پر

تیرگی اور بڑھی جاتی ہے رفتہ رفتہ

آج کیوں رات کمر بستہ ہے عریانی پر

جسم کی حد سے پرے کوئی کھڑا سوچتا ہے

کیسے اب ریت کی دیوار بنے پانی پر

آسماں تیری لحد کھود رہا ہے کوئی

اب زمیں اور کسے لائے نگہبانی پر

اس فسوں کار محبت میں یہی ہوتا ہے

ہونٹ خاموش رہیں آنکھ ہو طغیانی پر

مزید غزلیں از اصغر علی عباس ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں