اصغر عابد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
بات بے بات الجھتے ہو بھلا بات ہے کیا (غزل)
بات بے بات الجھتے ہو بھلا بات ہے کیا
میرے اندر کی بلاؤں سے ملاقات ہے کیا
ہم تو اس پستئ احساس پہ جیتے ہیں جہاں
یہ بھی معلوم نہیں جیت ہے کیا مات ہے کیا
دھند میں ڈوب گیا دل کا محدب عدسہ
کون بتلائے سر ارض و سموات ہے کیا
درد کا غار حرا دل میں کیا ہے تعمیر
مجھ کو معلوم نہیں طرز عبادات ہے کیا
اے مرے لفظ کا قد ناپنے والے یہ بتا
تو جو آیا ہے مقابل تری اوقات ہے کیا
کچھ بھی کہو سب اپنی اناؤں پہ اڑے ہیں (غزل)
کچھ بھی کہو سب اپنی اناؤں پہ اڑے ہیں
سب لوگ یہاں صورت اصنام کھڑے ہیں
جو پار اترتا گیا ہوتا گیا کم تر
ہم دورئ منزل کے طفیل آج بڑے ہیں
ہم کو نہ کہو قانع حالات کہ ہم لوگ
زندانیٔ دہلیز کے منصب پہ کھڑے ہیں
اے وصل نصیبو! ہمیں مڑ کر بھی نہ دیکھا
ہم قفل کے مانند مصائب پہ پڑے ہیں
تاریخ زمیں بخت کشا ہونے لگی تو
کھلتا گیا ہم وقت سے بیکار لڑے ہیں
عجلت کے الاؤ میں کیے فیصلے عابدؔ
اب سوچ کی برفانی کھڑاؤں پہ کھڑے ہیں