پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

احسن گلفام کی غزلیں — Ahsan Gulfam Ghazals

احسن گلفام کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ایسے ہی نہیں اتنی یہ شوقین ہوئی ہے (غزل)

ایسے ہی نہیں اتنی یہ شوقین ہوئی ہے

تحریر مری خون سے رنگین ہوئی ہے

اے عقل گنہ گار تری بات میں آ کر

شہر دل جذبات کی توہین ہوئی ہے

گزرے گی قیامت ابھی اک سمت گماں سے

آنکھوں کو کھلا رکھنے کی تلقین ہوئی ہے

اس شہر دل آزار کے ہر کوچے گلی میں

خوابوں کی بڑی دھوم سے تدفین ہوئی ہے

اٹھتا ہے دیوانوں کا یہاں روز جنازہ

اے ارض وطن تو بھی فلسطین ہوئی ہے

ہوں اس لیے گلفامؔ شگفتہ میں گلوں سے

کانٹوں سے مرے حسن کی تزئین ہوئی ہے

احسان ایک مجھ پہ یہ کر جانا چاہئے (غزل)

احسان ایک مجھ پہ یہ کر جانا چاہئے

ان کو محبتوں سے مکر جانا چاہئے

عاشق کوئی ستم یہ بھلا کب تلک سہے

زلفوں کو خود بخود ہی سنور جانا چاہئے

دیکھو زمانہ پہلے سے کتنا بدل گیا

اب زاہدو تمہیں بھی سدھر جانا چاہئے

لشکر تمام مد مقابل میں ایک کے

دشمن کو میرے شرم سے مر جانا چاہئے

ہجرت سہی نہیں ہے اگر حاکم وطن

بے گھر کو پھر بتا کہ کدھر جانا چاہئے

آخر مجھے بھی ہونے لگا جان کا خیال

شیرازہ سارا میرا بکھر جانا چاہئے

مزید غزلیں از احسن گلفام ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں