اسیم آم گانوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
انہیں بھی میری الفت کی اگر پہچان ہو جائے (غزل)
انہیں بھی میری الفت کی اگر پہچان ہو جائے
تو یہ رشتہ نبھانا واقعی آسان ہو جائے
زمانہ کے نہ لگ جاؤں کہیں میں ہاتھ ایسے میں
اجازت ہو تو بندہ عشق کا دربان ہو جائے
سمجھنا ہے بہت مشکل محبت کی یہ بیتابی
کسے معلوم کب ٹھہری ہوا طوفان ہو جائے
تجھے پھر دیکھنے کی کوئی جرأت کر نہیں سکتا
اگر تو میرے دل میں ایک پل مہمان ہو جائے
اسے پھر اور خوشبو کی ضرورت ہی نہیں رہتی
اگر کوئی بھی انساں عشق میں گلدان ہو جائے
یہاں ہر شخص میں ہم نے کئی کردار دیکھے ہیں
ضروری ہے کہ اب ہر آدمی انسان ہو جائے
جنازے میں مرے شامل اگر ہوں چار کاندھے تو
سفر یہ آخری میرا ذرا آسان ہو جائے
گزاروں یاد میں تیری اثیمؔ ایک ایک لمحہ میں
قسم رب کی جو تو بھی دل سے میری جان ہو جائے
اگر خاموش ہوں تو پھر مرا کردار بولے گا (غزل)
اگر خاموش ہوں تو پھر مرا کردار بولے گا
یقیناً آج کا سچ کل کا ہر اخبار بولے گا
جنہیں ہے شوق تلوے چاٹنے کا چاٹ لیں بے شک
مگر دنیا کی نظروں میں ہنر ہر بار بولے گا
جسے تعلیم حاصل جھوٹ کو سچ ماننے کی ہو
وہی تو خون کو پانی گلوں کو خار بولے گا
نہ آنکھوں پر یقیں جس کا نہ سچائی سے واقف ہو
فریب عقل کا بیمار بس جے کار بولے گا
جہاں سچ بولنے پر قتل کا فرمان ہو جاری
زباں سے آئنہ کب تک وہاں انکار بولے گا
ستم اتنے نہ ڈھاؤ لوگ سڑکوں پر اتر آئیں
اگر ایسا ہوا تو بے زباں یلغار بولے گا
مرا خاموش لہجہ ہے مری تہذیب کا حامی
اثیمؔ اشعار میں میرے مرا معیار بولے گا