احسن احمد اشک کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
انگ انگ جھلک اٹھتا ہے انگوں کے درپن کے بیچ (غزل)
انگ انگ جھلک اٹھتا ہے انگوں کے درپن کے بیچ
مان سروور امڈے امڈے ہیں بھرپور بدن کے بیچ
چاند انگڑائی پر انگڑائی لیتے ہیں جوبن کے بیچ
مدھم مدھم دیپ جلے ہیں سوئے سوئے نین کے بیچ
مکھڑے کے کئی روپ دودھیا چاندنی بھور سنہری دھوپ
رات کی کلیاں چٹکی چٹکی سی بالوں کے بن کے بیچ
متھرا کے پیڑوں سے کولہے چکنے چکنے سے گورے
روپ نرت کے جاگے جاگے چھتیوں کی تھرکن کے بیچ
جیسے ہیروں کا مینارہ چمکے گھور اندھیرے میں
دیوالی کے دیپ جلے ہیں چولی اور دامن کے بیچ
من میں بسا کر مورت اک ان دیکھی کامنی رادھا کی
احمدؔ ہم تو کھو گئے برندابن کی کنج گلین کے بیچ
نگاہ باغباں کیا کہہ گئی گلہائے خنداں سے (غزل)
نگاہ باغباں کیا کہہ گئی گلہائے خنداں سے
کہ اٹھا کاروان رنگ و بو صحن گلستاں سے
مدد اے دیدۂ بینا مدد اے تاب نظارہ
تجلی مسکراتی ہے نقاب روئے جاناں سے
نسیم صبح کے جھونکوں سے کیا کھٹکا بھلا اس کو
مری شمع تمنا وہ ہے جو لڑتی ہے طوفاں سے
معاذ اللہ صحرا کی شب تاریک و طوفانی
مسافر خود نہ جل جائے چراغ زیر داماں سے
لرز اٹھتا ہوں بیداری میں یوں تخئیل عشرت پر
کہ جیسے چونک اٹھتا ہو کوئی خواب پریشاں سے
جنوں کی تربیت کر اشکؔ یہ ننگ محبت ہے
کسی کا راز رسوا ہو ترے چاک گریباں سے
کتنی ضو پاش امیدوں کے سہارے چھوٹے (نظم)
کتنی ضو پاش امیدوں کے سہارے چھوٹے
چاند اک مست شرابی کی طرح وارفتہ
کہر کی دھند میں چلتا رہا گرتا پڑتا
دشت تنہائی میں اٹھتے رہے خوش رنگ سراب
رنگ کی لہروں پہ کھلتے رہے نسرین و گلاب
سرو کے سائے میں الجھے ہوئے انفاس کے راگ
ماضی و حال کے سنگم پہ چلاتے رہے آگ
پہلے اک آگ لگی آگ پھر اک یاد بنی
یاد اشکوں میں نہا کر ترے پیکر میں ڈھلی
مرمریں پیکر انداز بخواب آلودہ
جیسے خیام کی تخئیل شراب آلودہ
یک بیک عرش سے پھر کوئی ستارہ ٹوٹا
دل لرز اٹھا کہ اک اور سہارا ٹوٹا
تیری زلفوں کی طرح ڈھل کے کمر تک پہنچی
رات بل کھاتی ہوئی بام سحر تک پہنچی