احسن اعظمی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
سخت مشکل ہوا اب صاحب ایماں ہونا (غزل)
سخت مشکل ہوا اب صاحب ایماں ہونا
نہیں اس دور میں آسان مسلماں ہونا
ہر قدم پر ہے یہاں راہزنوں کا خطرہ
ہم تو بے بس ہیں خدایا تو نگہباں ہونا
ختم ہوتا ہی نہیں سلسلۂ رنج و الم
مشکلوں نے مری سیکھا نہیں آساں ہونا
برکتیں رزق کی بڑھ جاتی ہیں اس کے دم سے
باعث خیر ہے گھر میں کوئی مہماں ہونا
دل میں ہو جاتا ہے طوفان قیامت برپا
دوش محبوب پہ زلفوں کا پریشاں ہونا
کاش کہہ دیں وہ محبت بھرے انداز میں پھر
میرے احسنؔ ذرا اک بار غزل خواں ہونا
دل میں ایمان تو ہے جذبۂ ایماں نہ سہی (غزل)
دل میں ایمان تو ہے جذبۂ ایماں نہ سہی
ہم مسلمان تو ہیں شان مسلماں نہ سہی
رب کی رحمت کا سہارا ہی ہمیں کافی ہے
آج دنیا میں کوئی اپنا نگہباں نہ سہی
تین سو تیرہ نے یہ بدر میں پیغام دیا
عزم و ایمان ہے تو جنگ کا ساماں نہ سہی
ہم تو ہیں آج بھی تزئین گلستاں میں شریک
اپنے ہاتھوں میں نہیں نظم گلستاں نہ سہی
اسلحوں کی مرے قاتل کو ضرورت کیا ہے
تیر مژگاں ہے بہت خنجر و پیکاں نہ سہی
میں نے پلکوں پہ سجا رکھے ہیں اشکوں کے چراغ
میرے ٹوٹے ہوئے چھپر میں چراغاں نہ سہی
مال و زر پاس نہیں توشۂ الفت کے سوا
کوئی سامان تو ہے زیست کا ساماں نہ سہی
آج کی شب کسی بھوکے کی ضیافت کر دے
گھر میں تیرے نہیں احسنؔ کوئی مہماں نہ سہی