پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اثر صہبائی کی غزلیں — Asar Sahbai Ghazals

اثر صہبائی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

تمہاری یاد میں دنیا کو ہوں بھلائے ہوئے (غزل)

تمہاری یاد میں دنیا کو ہوں بھلائے ہوئے

تمہارے درد کو سینے سے ہوں لگائے ہوئے

عجیب سوز سے لبریز ہیں مرے نغمے

کہ ساز دل ہے محبت کی چوٹ کھائے ہوئے

جو تجھ سے کچھ بھی نہ ملنے پہ خوش ہیں اے ساقی

کچھ ایسے رند بھی ہیں مے کدے میں آئے ہوئے

تمہارے ایک تبسم نے دل کو لوٹ لیا

رہے لبوں پہ ہی شکوے لبوں پہ آئے ہوئے

اثرؔ بھی راہرو دشت زندگانی ہے

پہاڑ غم کا دل زار پر اٹھائے ہوئے

لطف گناہ میں ملا اور نہ مزہ ثواب میں (غزل)

لطف گناہ میں ملا اور نہ مزہ ثواب میں

عمر تمام کٹ گئی کاوش احتساب میں

تیرے شباب نے کیا مجھ کو جنوں سے آشنا

میرے جنوں نے بھر دیے رنگ تری شباب میں

آہ یہ دل کہ جاں گداز جوشش اضطراب ہے

ہائے وہ دور جب کبھی لطف تھا اضطراب میں

قلب تڑپ تڑپ اٹھا روح لرز لرز گئی

بجلیاں تھیں بھری ہوئی زمزمۂ رباب میں

چرخ بھی مے پرست ہے بزم زمیں بھی مست ہے

غرق بلند و پست ہے جلوۂ ماہتاب میں

میرے لیے عجیب ہیں تیری یہ مسکراہٹیں

جاگ رہا ہوں یا تجھے دیکھ رہا ہوں خواب میں

میرے سکوت میں نہاں ہے مرے دل کی داستاں

جھک گئی چشم فتنہ زا ڈوب گئی حجاب میں

لذت جام جم کبھی تلخی زہر غم کبھی

عشرت زیست ہے اثرؔ گردش انقلاب میں

جب آنکھ کھول کے دیکھا تو ہو گیا مستور (نظم)

جب آنکھ کھول کے دیکھا تو ہو گیا مستور

یہ میرا دیدۂ بینا ہی اک حجاب ہوا

تو چھپ گیا مہ و انجم میں لالہ و گل میں

ہر ایک جلوۂ رنگیں ترا نقاب ہوا

جب آنکھ بند ہوئی تو ہی جلوہ آرا تھا

مری زبان کھلی شرح عاشقی کے لیے

مرا بیاں تھا مرقع مری خجالت کا

ہر ایک حرف میں تھا غیریت کا افسانہ

مری زباں نے کیا خوں مری محبت کا

مرے سکوت میں طوفان عشق برپا تھا

مرے حواس رہے تیرے وصل میں حائل

جو بے خودی میں ہوا غرق تو ملا مجھ کو

عجیب شے ہے محبت میں خود فراموشی

فنا ہوا تو ملی لذت بقا مجھ کو

مرا وجود ہی اے دوست ایک پردہ تھا