احمر جلیسری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
سورج ڈوبا نکلا چاند (غزل)
سورج ڈوبا نکلا چاند
چھت پر آیا میرا چاند
عید کا سب نے دیکھا چاند
ہم نے دیکھا اپنا چاند
دیوانے بے تاب ہوئے
جب پردے سے جھانکا چاند
اس کا دشمن کوئی نہیں
سب کے لئے ہے پیارا چاند
عہد جوانی میں اکثر
ہوتا ہے شرمیلا چاند
دیکھتے ہی اس کا چہرہ
بادل میں چھپ جاتا چاند
آپ کے آنگن میں احمرؔ
پچھلی شب کیوں آیا چاند
زمانے کے ہمیں دستور اپنانے بھی ہوتے ہیں (غزل)
زمانے کے ہمیں دستور اپنانے بھی ہوتے ہیں
مسائل ہوں اگر الجھے تو سلجھانے بھی ہوتے ہیں
خوشی ملتی ہے جن کو ان کو غم پانے بھی ہوتے ہیں
جو پاتے ہیں عروج ان پر زوال آنے بھی ہوتے ہیں
غزل گوئی سے ہم بھی ربط رکھتے ہیں اسی باعث
کبھی دل دوستوں کے ہم کو بہلانے بھی ہوتے ہیں
ہماری عزت و ناموس کے جو لوگ ہیں خواہاں
انہیں لوگوں میں شامل دوست دیوانے بھی ہوتے ہیں
پناہیں دے کے جن کی زندگی ہم نے بچائی ہے
کبھی ان باغیوں پر سنگ برسانے بھی ہوتے ہیں
متاع حسن سے اللہ نے جن کو نوازا ہے
انہیں کے واسطے کچھ لوگ دیوانے بھی ہوتے ہیں
شمار ان کا خدا کے نام سے کرتے رہو احمرؔ
کمال بندگی تسبیح کے دانے بھی ہوتے ہیں