پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

احمد سہیل کی غزلیں — Ahmed Sohail Ghazals

احمد سہیل کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

شہر کو چھوڑ دو اور گاؤں کو جاؤ تم بھی (غزل)

شہر کو چھوڑ دو اور گاؤں کو جاؤ تم بھی

اس تعلق کے تکلف کو اٹھاؤ تم بھی

آگ جنگل میں بھڑک جائے گی کل شام تلک

آج بادل کو اداؤں سے لبھاؤ تم بھی

دوسرے چہرے مجھے کم ہیں رفاقت کے لیے

میری خاطر کوئی چہرہ تو سجاؤ تم بھی

میں کہیں سبزۂ خود رو کی طرح اگ آؤں

اور وہیں پھول کی صورت نکل آؤ تم بھی

میرے ہاتھوں میں ترے نام کی کوئی ریکھا

تیرے ہاتھوں میں نہ آئی ہو دکھاؤ تم بھی

چاند کو روک لیا ہے انہیں ہاتھوں میں سہیلؔ

تم مجھے روک لو جادو یہ دکھاؤ تم بھی

جلتی دوپہروں میں اک سایہ سا زیر غور ہے (غزل)

جلتی دوپہروں میں اک سایہ سا زیر غور ہے

بجھتی آنکھوں میں کوئی چہرہ سا زیر غور ہے

اب کے میں زندہ رہوں یا پھر سے مر جاؤں سہیلؔ

فیصلہ سب ہو چکا تھوڑا سا زیر غور ہے

اتنی ویرانی میں روشن ہو تری تصویر کب

اس سلگتے جسم میں شعلہ سا زیر غور ہے

جسم کے آئینے میں شعلہ سا رکھا ہے سوال

پاؤں کی زنجیر کو حلقہ سا زیر غور ہے

نیند اڑتی ہی رہی خوابوں کے جنگل میں سدا

آسماں پر چاند کا خاکہ سا زیر غور ہے

گر گئی تاریخ میرے ہاتھ سے احمد سہیلؔ

اک نئے انسان کا خاکہ سا زیر غور ہے

محبت کو بد دعا نہ دو (نظم)

محبت کو بد دعا نہ دو

جشن جدائی دل ناصبور کی تجدید ہے

بچھڑ جانا حادثہ ہے

شب دلبری تمہیں کھو دینے کا سوگ ہے

جہاں تقدیر کی تصویریں مٹا دی جاتی ہیں

محبت کا انکشاف کہانی بن کر

ہمیں برباد کر دیتا ہے

بے بسی ہمیں جدا کر دیتی ہے

محبت دلوں کے عقوبت خانے میں محفوظ رہتی ہے

جب کوئی محبت میں سسکا سسکا کر مار دیا جاتا ہے

جدائی کا صدمہ وہی جانتا ہے

جس کے خوابوں سے گلاب چھین لئے جاتے ہیں

خدا تمہیں میری یاد میں نہ ترسائے

تم میری سوچوں میں آباد رہو

سانحے آتے ہیں اور جاتے ہیں

جدائی کی ختم ہونے والی زندگی

محبت نہ ختم ہونے والا سفر ہے

ازل سے ابد تک خوابوں سے حقیقت تک

دل سے روح تک

دل سمجھوتہ نہیں کرتا

خواب باغی ہوتے ہیں

جیسے ہمارا صدیوں کا مرا ہوا لمحوں کا پیار

تنہائیوں میں راستے کہیں کھو جاتے ہیں

خوابوں کی سنسان گلیوں میں

ہاتھوں میں لئے پھرتا ہوں

آگ میں بجھا ہوا پتھر کا دل

مزید غزلیں از احمد سہیل ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں