اثر سعید کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
وہ ایک پل جو گزارا ہے پاسداری میں (غزل)
وہ ایک پل جو گزارا ہے پاسداری میں
سکون دیتا رہا مجھ کو بے قراری میں
وہ میری روح میں جب تک نہ بس گیا آ کر
سنبھل سکا نہ کبھی دل یہ بے قراری میں
حنائی دست کی معجز نمائیاں مت پوچھ
تمام عمر گزاری ہے شرمساری میں
ہوس ہے گوہر نایاب کی اگر تجھ کو
تو ڈوب جا کبھی شبنم کی تاب کاری میں
سما گئے ہیں نظر میں لہو لہو منظر
تجھے ملے گا بھی کیا خاک اشک باری میں
کسی کے دل کو بھلا کھینچے کیا ترا نالہ
اثرؔ اثر ہو کوئی جب نہ آہ و زاری میں
مرا یہ ملک مقدس کتاب جیسا ہے (غزل)
مرا یہ ملک مقدس کتاب جیسا ہے
ہر ایک فرد گلوں میں گلاب جیسا ہے
چراغ سب نے جلائے ہیں امن کے لیکن
اندھیرا وقت کا اک آفتاب جیسا ہے
ملیں نہ ہاتھ فقط دل سے دل بھی مل جائیں
یہ دیکھنے کو مجھے اضطراب جیسا ہے
عجیب خواب کا ہے انتظار آنکھوں کو
یہ انتظار بھی شاید کہ خواب جیسا ہے
شمار میں ہمیں رکھ بے شمار ہیں ہم بھی
ہمیں گلہ ہی کہاں ہے حساب جیسا ہے
بھروسہ اب ترے وعدوں کا کیا کریں ساقی
ترا یہ جام و سبو تک سراب جیسا ہے
تو دے رہا ہے کہاں درس اتحاد اثرؔ
ترا خیال فقط انقلاب جیسا ہے