احمد شمیم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ابھی رنج سفر کی ابتدا ہے (غزل)
ابھی رنج سفر کی ابتدا ہے
ابھی سے جی بہت گھبرا رہا ہے
دئے بجھنے لگے ہیں طاقچوں میں
ہر اک شے پر اندھیرا چھا رہا ہے
ہوا شاخوں میں چھپ کر رو رہی ہے
نہ جانے کیسا موسم آ رہا ہے
ٹھٹھرتی رت میں زخمی انگلیوں سے
ہمیں دریا میں سونا ڈھونڈھنا ہے
اسی امید پر بن باس کاٹیں
ہمیں بھی ایک دن گھر لوٹنا ہے
بہت چاہوں کہ میں بھی ہاتھ اٹھاؤں
مرے ہونٹوں پہ لیکن بد دعا ہے
کبھی ہم خوبصورت تھے (نظم)
کبھی ہم خوبصورت تھے
کتابوں میں بسی
خوشبو کی صورت
سانس ساکن تھی
بہت سے ان کہے لفظوں سے
تصویریں بناتے تھے
پرندوں کے پروں پر نظم لکھ کر
دور کی جھیلوں میں بسنے والے
لوگوں کو سناتے تھے
جو ہم سے دور تھے
لیکن ہمارے پاس رہتے تھے
نئے دن کی مسافت
جب کرن کے ساتھ
آنگن میں اترتی تھی
تو ہم کہتے تھے
امی تتلیوں کے پر
بہت ہی خوبصورت ہیں
ہمیں ماتھے پہ بوسا دو
کہ ہم کو تتلیوں کے
جگنوؤں کے دیس جانا ہے
ہمیں رنگوں کے جگنو
روشنی کی تتلیاں آواز دیتی ہیں
رنگ میں ڈوبی ہوا کے ساتھ
کھڑکی سے بلاتی ہے