اثر نظامی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
یہی مقام وفا ہے تو کوئی بات نہیں (غزل)
یہی مقام وفا ہے تو کوئی بات نہیں
یہ دل یہیں پہ لٹا ہے تو کوئی بات نہیں
ہمارے دور محبت کا راز سر بستہ
کسی سے تم نے سنا ہے تو کوئی بات نہیں
بڑے سلیقے سے مضمون بند ہے اس میں
لفافہ دل کا کھلا ہے تو کوئی بات نہیں
مرے خلاف فلک بوس سازشوں کا دھواں
تمہارے گھر سے اٹھا ہے تو کوئی بات نہیں
خدا کرے کہ ترے گھر کی آگ بجھ جائے
اثرؔ کا ہاتھ جلا ہے تو کوئی بات نہیں
بازار محبت میں شرمندہ شرافت ہے (غزل)
بازار محبت میں شرمندہ شرافت ہے
پھولوں کی نمائش ہے خوشبو کی تجارت ہے
ہنستے ہوئے گلشن کو پل بھر میں رلا ڈالے
آوارہ ہواؤں میں ایسی بھی مہارت ہے
تعمیر کا جذبہ بھی تخریب کا نقشہ بھی
یہ شوق شہادت ہے یا ذوق بغاوت ہے
بجھتے ہوئے انگارے پیغام یہ دیتے ہیں
شعلوں سے الجھنے کی شبنم میں جسارت ہے
اوقات کی حد سے وہ آگے نہیں بڑھ سکتا
قسمت کی ہتھیلی پر روشن یہ عبارت ہے
اشعار اثرؔ میرے منسوب اسی سے ہیں
جس فکر رسا کی بھی انگڑائی قیامت ہے