احمد نثار کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کہاں کہاں نہ گئی مہربان کی خوشبو (غزل)
کہاں کہاں نہ گئی مہربان کی خوشبو
زمانے بھر میں ہے اردو زبان کی خوشبو
بدن سے جس گھڑی نکلے گی جان کی خوشبو
ملے گی خاک میں تب آن بان کی خوشبو
قدم بہکتے ہیں جذبات کے اندھیروں میں
تو کھینچ لاتی ہے مجھ کو مکان کی خوشبو
جو حق کے واسطے دینا پڑے زمانے میں
عجیب ہوتی ہے اس امتحان کی خوشبو
یہاں پہ پیار ہے یکجہتی بھائی چارہ ہے
بڑی ہی خوب ہے ہندوستان کی خوشبو
جوان ہوں گے جو سازش کی گود میں فتنے
کہاں سے آئے گی امن و امان کی خوشبو
وفا خلوص دیانت حیا صداقت پیار
نثارؔ ہم بھی لٹاتے ہیں شان کی خوشبو
زندگی کی راہ میں تنہائیاں رکھ دے گا وہ (غزل)
زندگی کی راہ میں تنہائیاں رکھ دے گا وہ
اپنی یادوں کی فقط پرچھائیاں رکھ دے گا وہ
آخری دم تک جو گونجے گی خیالوں میں ترے
درد کی کچھ اس طرح شہنائیاں رکھ دے گا وہ
اس کے لہجے میں انا اور تلخیاں گفتار میں
کڑوی باتوں میں مگر سچائیاں رکھ دے گا وہ
اس کو آتا ہے مزاجوں کو بدلنے کا ہنر
فطرت بد میں کئی اچھائیاں رکھ دے گا وہ
مفلسی فاقہ کشی دشواریوں کا سامنا
آزمائش کو یہ سب کٹھنائیاں رکھ دے گا وہ
اپنے تیور اور انداز بیاں سے اے نثارؔ
سادے لفظوں میں بھی کچھ گہرائیاں رکھ دے گا وہ