احمد رئیس نظامی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کشمکش میں کھل نہ جائے آپ کا سر دیکھنا (غزل)
کشمکش میں کھل نہ جائے آپ کا سر دیکھنا
پاؤں پھیلانے سے پہلے اپنی چادر دیکھنا
یہ ستم سامانیاں حق میں ہمارے جائیں گی
جیت ہوگی صبر کی ہارے گا خنجر دیکھنا
پھر ہر اک جانب کھلیں گے خوش نما تازہ گلاب
پھر اڑائے جائیں گے ہر سو کبوتر دیکھنا
قرض کے ملبے میں دب کر رہ گیا ہر اک مکیں
کتنا مہنگا پڑ گیا ہے خواب میں گھر دیکھنا
چار پیسے جو کمانے لگ گیا لخت جگر
اب تمہیں دکھلائے گا یہ اپنے تیور دیکھنا
مطمئن بھی کس قدر تھے اپنی قربانی سے ہم (غزل)
مطمئن بھی کس قدر تھے اپنی قربانی سے ہم
رد کئے جانے لگے اب کتنی آسانی سے ہم
آنسوؤں کی آگ نے سورج بنا ڈالا ہمیں
بجھ نہیں سکتے سمندر اب ترے پانی سے ہم
اتنی عادت پڑ چکی مشکل پسندی کی ہمیں
خود سے بھی اب مل نہیں پاتے ہیں آسانی سے ہم
زندگی کو دیکھنے کی آرزو میں یوں ہوا
آئنے کو دیکھتے رہتے ہیں حیرانی سے ہم
آج ہم اترے ہوئے دریا سے ڈرتے ہیں رئیسؔ
کھیلتے تھے کل تلک موجوں کی طغیانی سے ہم