اثر انصاری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
جھیل کر دکھ مجھے جینے کا قرینہ آیا (غزل)
جھیل کر دکھ مجھے جینے کا قرینہ آیا
نہ جبیں پر شکن ابھری نہ پسینہ آیا
کتنے الفاظ و تراکیب تراشے میں نے
گفتگو کا نہ سلیقہ نہ قرینہ آیا
مدتوں میں نے کیا ہے دل صد چاک رفو
تب کہیں جا کے مجھے زخم کا سینہ آیا
مجھ کو ہونا پڑا ممنون کرم موجوں کا
کتنی مشکل سے کنارے پہ سفینہ آیا
میں نے شکوہ نہ کیا تیری جفاؤں کا کبھی
صاف دل تھا کہ مرے دل میں نہ کینہ آیا
پھر نئے سال کی آمد پہ قصیدہ لکھوں
ختم ہونے کو دسمبر کا مہینہ آیا
میں نے وہ راز حقیقت کبھی افشا نہ کیا
جو مرے پاس اثرؔ سینہ بہ سینہ آیا
کبھی نہ میرے قلم کی گرفت میں آئے (غزل)
کبھی نہ میرے قلم کی گرفت میں آئے
یہ بھاگتے ہوئے لمحے یہ دوڑتے سائے
وہ زور اب مرے سوکھے ہوئے بدن میں کہاں
محال ہے مری آواز دور تک جائے
زمین شعر میں جب قوت نمو ہی نہیں
ہزار سینچئے سبزہ بھی کیا نظر آئے
یہاں تو مصلحتاً جھوٹ کو بھی سچ کہئے
ہم ایسی مصلحت ناروا سے باز آئے
ہم ایسے اہل نظر کے لئے فرشتہ ہے
وہ آدمی جو کسی آدمی کے کام آئے
اب آنے والے نئے سال پر نظر رکھو
چمن میں پھول کھلائے کہ آگ برسائے
اثرؔ غیور اگر ہے تو کیسے ممکن ہے
کسی کے سامنے دست سوال پھیلائے