پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

احمد ارسلان کی غزلیں — Ahmed Arsalan Ghazals

احمد ارسلان کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

تجھ سے جب سے ہوا ہے پیار مجھے (غزل)

تجھ سے جب سے ہوا ہے پیار مجھے

نہ سکوں ہے نہ ہے قرار مجھے

سب یہ کہتے ہیں تو نہ آئے گا

ہے ترا اب بھی انتظار مجھے

مجھ کو اپنا اگر سمجھتا ہے

نام لے کر کبھی پکار مجھے

تو کبھی جان سے بھی پیارا تھا

اب نہیں تجھ پہ اعتبار مجھے

میں نہ آؤں گا تیرے دھوکے میں

یوں نہ شیشے میں تو اتار مجھے

جس کو پالا تھا ناز سے احمدؔ

وہ سمجھنے لگا ہے بار مجھے

اک دوست بے وفا جو ہوا تو پتہ چلا (غزل)

اک دوست بے وفا جو ہوا تو پتہ چلا

وہ ساتھ چلتے چلتے رکا تو پتہ چلا

رستے کے بیچوں بیچ پڑا تھا میں کھا کے غش

لوگوں کے منہ سے جب یہ سنا تو پتہ چلا

یا خوش تھا یا اداس تھا ہم راہ میرے وہ

میں اس کے درمیاں سے ہٹا تو پتہ چلا

کرتا تھا تذکرہ وہ مرے آنسوؤں پہ روز

رنج و الم سے پالا پڑا تو پتہ چلا

انمول کس قدر تھا کسی کو خبر نہ تھی

دنیا سے جب چلا وہ گیا تو پتہ چلا

آسان عاشقی ہے سمجھتے تھے سب یہی

سچ کیا ہے میں نے جب یہ لکھا تو پتہ چلا

بستی میں جس نے آگ لگائی تھی دوستو

اب اس کا ہی مکان جلا تو پتہ چلا

واقف نہیں تھا اپنی طبیعت سے ارسلانؔ

کچھ روز میرے ساتھ رہا تو پتہ چلا

جہاں پر بھی پڑا ہوں میں وہاں پر تم (نظم)

جہاں پر بھی پڑا ہوں میں وہاں پر تم

کبھی آؤ یہاں بیٹھو ذرا تم غور سے دیکھو

کہ کیسے میں یہاں دنیا کی مکاری کو سہتا ہوں

مگر پھر بھی میں چپ ہوں کہ کوئی مجھ سے الگ نہ ہو

بہت کچھ کہہ چکا ہوں میں کبھی کھل کر کبھی خاموش لہجے میں

نہیں سمجھا کوئی مجھ کو مجھے دکھ ہے تو اس کا ہے

میں اب کہتا ہوں دنیا سے اگر سن لے محبت سے

میں پیاسا ہوں محبت کا محبت کا میں پیاسا ہوں

کوئی کچھ بھی کہے مجھ کو مرا کچھ بھی نہیں ہوگا

مجھے معلوم ہے دنیا بدلنے کو کہے مجھ کو

مجھے وہ چھوڑ دے یا پھر مری وہ راہ پر آ جائیں

نہیں بدلوں گا میں اب تو نہ بدلے گی مری عادت

مجھے ایسے ہی رہنے دو مجھے ایسے ہی رہنے دو

مزید غزلیں از احمد ارسلان ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں