اثر بدایونی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
وقت کی آندھی کے سب فرمان زد ہو جائیں گے (غزل)
وقت کی آندھی کے سب فرمان زد ہو جائیں گے
سبز پتوں کے صحیفے مستند ہو جائیں گے
ظلم کے سورج کا چہرہ کیسے ہوگا بے نقاب
جب طرف داروں میں شامل نیک و بد ہو جائیں گے
یہ کسے معلوم تھا ایسا تغیر آئے گا
کل کے جو اوصاف تھے وہ آج رد ہو جائیں گے
موم کی تلوار بے مصرف ہے جلتے شہر میں
پھینک دیجے آپ ورنہ نامزد ہو جائیں گے
آپ کی بے احتیاطی کا یہ عالم ہے تو پھر
کچھ دنوں کے بعد محتاج مدد ہو جائیں گے
جو زمانے کے چلن کا ساتھ دے سکتے نہیں
کھوٹے سکے کی طرح وہ آج رد ہو جائیں گے
ذہن کی نشو و نما بھی ہو بدن جیسی ضرور
چند ہی برسوں میں بچے سرو قد ہو جائیں گے
ان دنوں مصروف جن ذہنوں کی تیاری میں ہوں
وقت آنے پر وہ سب کے سب سند ہو جائیں گے
سوچتے ہیں جو مشیروں کے دماغوں سے اثرؔ
جلد ہی بیگانۂ ہوش و خرد ہو جائیں گے
مزید غزلیں از اثر بدایونی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں