پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اثر اکبرآبادی کی غزلیں — Asar Akbarabadi Ghazals

اثر اکبرآبادی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

جانے کیوں لوگ غم سے ڈرتے ہیں (غزل)

جانے کیوں لوگ غم سے ڈرتے ہیں

ہم تو آلام میں نکھرتے ہیں

جو خوشی کے سراب میں گم ہیں

وہ خوشی سے ہی اپنی مرتے ہیں

غم بھی رکھتے ہیں ساتھ خوشیوں کے

زندگی میں جو رنگ بھرتے ہیں

ٹوٹ جاتے ہیں سب غموں کے حصار

موتی خوشیوں کے جب بکھرتے ہیں

لاکھ خوشیاں انہیں مبارک ہوں

ہم غموں سے ہی دل کو بھرتے ہیں

ڈوب جاتے ہیں جو کنارے پر

وہ کہاں ڈوب کر ابھرتے ہیں

حالت دل بتائیں ہم ان کو

کیسے دن رات اب گزرتے ہیں

کھل ہی جاتے ہیں ان پہ عیب و ہنر

آئنے سے جو بات کرتے ہیں

آئنہ دیکھتا ہے حیرت سے

وہ جس انداز سے سنورتے ہیں

کیا بھروسہ ہے زندگی کا اثرؔ

روز جیتے ہیں روز مرتے ہیں

کوئی ہمدم بنا کے دیکھو تم (غزل)

کوئی ہمدم بنا کے دیکھو تم

دل کی دنیا بسا کے دیکھو تم

صبح نو پھر سے جاگ جائے گی

شام غم کو سلا کے دیکھو تم

بن ہی جائے گا وہ گہر اک دن

کوئی پتھر اٹھا کے دیکھو تم

ڈوب جاؤ گے میری چاہت میں

مجھ سے نظریں ملا کے دیکھو تم

مسکرانا ادا سہی پھر بھی

لذت غم اٹھا کے دیکھو تم

راہ الفت میں ہارنا کیسا

اک دیا اور جلا کے دیکھو تم

حسن پر ناز ہے بجا لیکن

عشق کو آزما کے دیکھو تم

غیر ہی سے اثرؔ توقع کیوں

خود کو اپنا بنا کے دیکھو تم

مزید غزلیں از اثر اکبرآبادی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں