پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

احمر ندیم کی غزلیں — Ahmar Nadeem Ghazals

احمر ندیم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

خود کو اتنا بھی پشیمان نہیں کرنا تھا (غزل)

خود کو اتنا بھی پشیمان نہیں کرنا تھا

چند لمحوں کو دل و جان نہیں کرنا تھا

تیری خواہش بھی نہ ہو تجھ سے شکایت بھی نہ ہو

اتنا احسان مری جان نہیں کرنا تھا

پھر تو ہونا ہی تھا اے عشق تماشائے جنوں

ہوش والوں کو نگہبان نہیں کرنا تھا

اتنی دوری تھی تو دوری کا بھرم بھی رکھتے

میری آنکھوں کو شبستان نہیں کرنا تھا

در پہ بیٹھے ہیں سوالی کہ اجازت پاویں

تم کو تاخیر کا سامان نہیں کرنا تھا

ہم ہواؤں سے سدا بر سر پیکار رہے

اب یہ لگتا ہے چراغان نہیں کرنا تھا

ایک امید کے سائے میں گزاری احمرؔ

اس قدر عمر پہ احسان نہیں کرنا تھا

جنون شوق میں آداب رقص وحشت کیا (غزل)

جنون شوق میں آداب رقص وحشت کیا

شکستہ پاؤں کو پازیب شان و شوکت کیا

ہم اپنے آپ میں رہتے نہیں ہیں دم بھر کو

ہمارے واسطے دیوار و در کی زحمت کیا

بڑے وثوق سے آشفتہ سر یہ پوچھتے ہیں

دیار رنج و محن میں ہماری وقعت کیا

یہ دور جہل ہے مدح و ثنائے ظلمت کر

زبان خامہ سے توصیف اہل حکمت کیا

جو رنگ لائے تو بہتر وگرنہ دفن کرو

لہو لہو ہے مرا خوں بہا کی قیمت کیا

متاع صبر و تحمل کو دونوں ہاتھوں سے

لٹانے ہم جو چلے ہیں تو اتنی حیرت کیا

اے مرے ہمدم دیرینہ کئی دن پہلے (نظم)

اے مرے ہمدم دیرینہ کئی دن پہلے

تجھ پہ لکھی ہوئی تحریریں جلا دی میں نے

ایک مصرع جو قریب دل محزوں تھا بہت

ایک بوسیدہ سے کاغذ پہ اسے رہنے دیا

وہ کسی شاعر گمنام کا مصرع تھا مگر

ایسا لگتا تھا کہ برسوں کی شناسائی ہو

جی میں آتا ہے سبھی کو وہ سنا دوں لیکن

سوچتا ہوں کہ یہ پیمان وفا کے ہے خلاف

ایسا کرنے سے مرے عہد کا دم ٹوٹے گا

کچھ نہ ٹوٹے بھی تو الفت کا بھرم ٹوٹے گا

ہاں مگر ضبط کو سینے سے لگا کر رکھنا

ایک مدت ہی تو جینے کا مزا دیتا ہے

اس لیے آج تکلف نہ کروں گا کچھ بھی

چاہے یہ فعل مری جان اذیت ٹھہرے

سارے عالم میں تماشائے وفا ہو کہ نہ ہو

اب زمانے کو سناتا ہوں تو تو بھی سن لے

وہ کسی شاعر گمنام کا مصرع یوں ہے

ہم گنہ گار ہیں اقرار سے ڈر جاتے ہیں

مزید غزلیں از احمر ندیم ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں