پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اسد رضوی کی غزلیں — Asad Rizvi Ghazals

اسد رضوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

سلگتی آگ تھی نہ جلتے آشیانے تھے (غزل)

سلگتی آگ تھی نہ جلتے آشیانے تھے

بہت حسین وہ گزرے ہوئے زمانے تھے

ہماری آنکھوں کو اس کا خیال ہی کب تھا

کہ ان لبوں کو بھی کچھ روز مسکرانے تھے

شریک بزم اسی واسطے ہوا نہ کوئی

شب نشاط کئی غم گلے لگانے تھے

یہ اور بات کہ چہرے پہ اجنبیت تھی

تعلقات تو ان سے بہت پرانے تھے

عجیب شرط تھی اس کی بھی اے اسدؔ رضوی

ہوا تھی تیز بہت اور دیے جلانے تھے

زخم دل ہو گئے ناسور تمہیں کیا معلوم (غزل)

زخم دل ہو گئے ناسور تمہیں کیا معلوم

تم تو ہو مجھ سے بہت دور تمہیں کیا معلوم

میرے ہونٹوں کے تبسم پہ نہ جانا ہرگز

حال بربادیٔ مجبور تمہیں کیا معلوم

کب ستاروں کا جہاں ہو گیا تاریک نظر

چاندنی کب ہوئی بے نور تمہیں کیا معلوم

روز و شب کس پہ برستے ہیں ستم کے پتھر

درد سے کون ہوا چور تمہیں کیا معلوم

کتنے آلام و مصائب سے گزرتا ہوں میں

عشق کے کیا کیا ہیں دستور تمہیں کیا معلوم

کیا بتاؤگے اسدؔ ٹوٹ کے کیا بکھرا ہے

تم تو ہو آج بھی مخمور تمہیں کیا معلوم

لذت دید سے دیکھو گے مچل جاؤ گے (نظم)

لذت دید سے دیکھو گے مچل جاؤ گے

آگ ہوں ہاتھ لگاؤ گے تو جل جاؤ گے

موم پتھر کو بنا دوں وہ اثر رکھتی ہوں

پاؤں شعلوں پہ تو تلوار پہ سر رکھتی ہوں

یہ بہاریں یہ امنگیں یہ مسرت یہ شباب

یہ شفق رنگ مناظر یہ شگوفے یہ گلاب

یہ نوازش یہ عنایات کہاں پاؤ گے

رب سے بخشی ہوئی سوغات کہاں پاؤ گے

میری زلفوں ہی کی برسات سے سیراب ہو تم

پھول کی طرح مرے سائے میں شاداب ہو تم

یہ بھی سچ ہے کہ بیاباں میں گلستاں ہوں میں

مضطرب روح کی تسکین کا ساماں ہوں میں

مختصر یہ کہ مجھے پیار سے پا سکتے ہو

تم مرے دل کے گلستان میں آ سکتے ہو

گر مری ذات کا عرفان تمہیں مل جائے

یہ زمیں کیا ہے آسمان تمہیں مل جائے

حیثیت کیا ہے مری اور حقیقت کیا ہے

میں بتاتی ہوں تمہیں میری فضیلت کیا ہے

ایک آدم کے علاوہ کوئی انسان نہ تھا

میں نہ ہوتی تو تمہارا کوئی امکان نہ تھا

مزید غزلیں از اسد رضوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں