احمر گورکھپوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کھیل کر سلسلۂ گردش ایام کے ساتھ (غزل)
کھیل کر سلسلۂ گردش ایام کے ساتھ
زندگی ہم نے گزاری بڑے آرام کے ساتھ
سن رہا ہوں دل برباد کے افسانے میں
آپ کا نام بھی آیا ہے مرے نام کے ساتھ
شکر صد شکر کہ مدت پہ تجھے شکوہ طراز
یاد تو آیا کوئی سیکڑوں الزام کے ساتھ
کم نگاہی سے تری بزم طرب میں ساقی
دیکھ آنکھیں نہ چھلک جائیں کہیں جام کے ساتھ
تیری یادوں میں گزرتے ہوئے لمحوں کی تھکن
لطف آغاز بھی لائی غم انجام کے ساتھ
بڑھتا جاتا ہے اجالوں پہ اندھیروں کا اثر
صبح بدنام نہ ہو جائے کہیں شام کے ساتھ
اس زمانے میں گلے ملتے ہوئے دیکھا ہے
روش خاص کو ہم نے روش عام کے ساتھ
ہم بھی کھیلے ہیں لب شاہد مے سے احمرؔ
جرعہ کش ہم بھی رہے ہیں کبھی خیامؔ کے ساتھ
محرومیٔ حیات کہیں ہے کہیں نہیں (غزل)
محرومیٔ حیات کہیں ہے کہیں نہیں
غم کی اداس رات کہیں ہے کہیں نہیں
روز ازل سے مرحلۂ مرگ و زیست ہے
اپنی ہی ایک ذات کہیں ہے کہیں نہیں
افسردگی و زندہ دلی کے ہجوم میں
یہ پوری کائنات کہیں ہے کہیں نہیں
پیش نظر ہے وسعت ارض و سما مگر
قید تعینات کہیں ہے کہیں نہیں
ہر چند دل وجود وفا پر ہے مطمئن
لیکن وہ ایک بات کہیں ہے کہیں نہیں
احمرؔ ہے یوں تو سب پہ کسی کی نظر مگر
وہ چشم التفات کہیں ہے کہیں نہیں