پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

احمر فاروقی کی غزلیں — Ahmar Farooqi Ghazals

احمر فاروقی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

شمع نقلیں اتارتی ہے مری (غزل)

شمع نقلیں اتارتی ہے مری

میں جلا ہوں سو روشنی ہے مری

عشق کے بارے میں برا نہ کہو

اس ادارے میں نوکری ہے مری

وہ مری آخری محبت ہے

اور محبت بھی آخری ہے مری

میرا دل ہے تمھارے قدموں میں

اچھا دھڑکن کہاں رکھی ہے مری

جتنی چاہو محبتیں لے لو

اپنی دوکان چل رہی ہے مری

جس طرح تم غرور کرتے ہو

اس سے اچھی تو عاجزی ہے مری

سچ بتانے سے ڈر رہا ہوں میں

یہی اصلی بہادری ہے مری

پیار ہے دشمنوں کی بیٹی سے

ان اندھیروں میں روشنی ہے مری

مجھ کو نفرت ہے زندگی سے بہت

اور وہ لڑکی زندگی ہے مری

محبت کی زبانیں بن رہی ہیں (غزل)

محبت کی زبانیں بن رہی ہیں

ترے لہجے کی قسمیں بن رہی ہیں

تمہارا جھانکنا اک بات تھی بس

اور اب جو گھر میں باتیں بن رہی ہیں

ہمارا جھوٹ کتنا چل سکے گا

ابھی سے اپنی شکلیں بن رہی ہیں

وبا بندوق فرقے ہجر گالی

یہ کیسی کیسی چیزیں بن رہی ہیں

ابھی تک عشق کو سمجھے نہیں ہم

ابھی تک اس پہ فلمیں بن رہی ہیں

بڑی ایجاد گندم ہے ابھی بھی

بھلے جیسی مشینیں بن رہی ہیں

محبت جیسی چیزوں کا ہی ڈر تھا

مگر یہ واقعی میں بن رہی ہیں

یہ دنیا اور ابھی آگے چلے گی

جو نعتوں کی زمینیں بن رہی ہیں

مزید غزلیں از احمر فاروقی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں