اسد رضا سحر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
حر کہہ رہے ہیں آگ سے مولا نکال دیں (غزل)
حر کہہ رہے ہیں آگ سے مولا نکال دیں
عاصی ہوں میرا نام شہیدوں میں ڈال دیں
مقتل میں الاماں کا ہے اب شور چار سو
مجھ کو سخی یہ تیر کماں اور ڈھال دیں
آل نبی بھی ناز کرے اس کے بخت پر
اپنا وہ جس کے واسطے بی بی رومال دیں
آنسو بہا کے حضرت حر نے یہی کہا
عباس با وفا مجھے اوج کمال دیں
لکھتا ہے یہ قصیدے شب و روز آپ کے
مولا سحرؔ کے فن کو سند لا زوال دیں
آج مجھ کو بھی مرے احباب دھوکہ دے گئے (غزل)
آج مجھ کو بھی مرے احباب دھوکہ دے گئے
میں توانا شخص تھا اعصاب دھوکہ دے گئے
گاؤں کی کچھ لڑکیاں اپنے گھڑے بھرنے گئیں
خشک تھا پانی وہاں تالاب دھوکہ دے گئے
جو نظر آتے تھے اکثر ان جبینوں پر تجھے
کیا کریں ماتھے کے وہ محراب دھوکہ دے گئے
اپنے ہاتھوں سے کھلاتا تھا مگر وہ اڑ گئے
آج مجھ کو وہ مرے سرخاب دھوکہ دے گئے
میں معافی چاہتا ہوں مجھ سے غلطی ہو گئی
کچھ بھی مشکل تھا نہیں اعراب دھوکہ دے گئے
آج سے میں ہجر کاٹوں گا تسلی سے سحرؔ
جو کبھی دیکھے تھے میں نے خواب دھوکہ دے گئے