پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اسعد قادری گورکھپوری کی غزلیں — Asad Qadri Gorakhpuri Ghazals

اسعد قادری گورکھپوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

محبوب کی باتوں پہ کوئی ہوگا خفا کیا (غزل)

محبوب کی باتوں پہ کوئی ہوگا خفا کیا

شکوہ کسے کہتے ہیں محبت میں گلہ کیا

دل نے مرے ترتیب ان افسانوں کی دی ہے

کیا مست نگاہی نگۂ ہوشربا کیا

یہ پاس ادب ہے کہ گنہ گار بنا ہوں

ورنہ سر محشر مری ہوتی یہ سزا کیا

کیا پھر رخ روشن سے نقاب اس نے الٹ دی

پھر طور کا قصہ کہیں موسیٰ سے چھڑا کیا

لے جانے لگے پھر سوئے بت خانہ ہر اک کو

پھر قبلۂ حاجات ہوئے قبلہ نما کیا

کیا صاعقۂ طور گری قلب حزیں پر

وہ جان جہاں آج ہے پھر جلوہ نما کیا

اغیار کے چہروں پہ دھوئیں اڑنے لگے کیوں

قصہ تری محفل میں مرا آج چھڑا کیا

حیات دل کا ہے دھوکا ممات شر کا فریب (غزل)

حیات دل کا ہے دھوکا ممات شر کا فریب

یہ شام غم کی ہے الجھن وہ ہے سحر کا فریب

نشان نقش کف پا ہو یا صدائے درا

وہ راہ رو کا ہے دھوکا یہ راہبر کا فریب

خلوص سجدہ نہ ہو اور آستاں کے قریب

جبیں کا اپنی وہ دھوکا یہ سنگ در کا فریب

یہ جز خدا جو نہیں کچھ تو یہ مکان و مکیں

مرے یقیں کا ہے دھوکا مری نظر کا فریب

اٹھائیں دست دعا اور دعا قبول نہ ہو

وہ مدعا کا ہے دھوکا یہ ہے اثر کا فریب

پسند خاطر طبع حزیں حسیں اسعدؔ

وہ اپنے دل کا ہے دھوکا یہ ہے نظر کا فریب

زلف سیاہ سے ہاری رات (نظم)

زلف سیاہ سے ہاری رات

دل نے جبیں سے کھائی مات

آنکھوں سے میخانے ہارے

مے سے بھرے پیمانے ہارے

گال گلابی ناک سڈول

سرخ لبوں کے میٹھے بول

دانت سے موتی شرمندہ

چاند سے بڑھ کر تابندہ

مکھڑا جیسے نور کا تڑکا

ٹھنڈا ٹھنڈا پیارا پیارا

گردن لمبی سینا چوڑا

نور کا یا کافور کا دریا

بانہیں بھاری گول کلائی

طاقت اتنی جن میں سمائی

نور سے پر تھی پنڈلی ساری

بوجھل بوجھل بھاری بھاری

پاؤں جمائے قوم سنبھالے

کالی کملی اوڑھنے والے

رحمت کل محبوب خدا

محبوب خدا تھے حسن میں یکتا

جن کو محمد لوگ پکاریں

اسعدؔ ان پر جان کو واریں