پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اسد بجنوری علیگ کی غزلیں — Asad Bijnori Alig Ghazals

اسد بجنوری علیگ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

جس گھڑی لہجہ تمہارا خار جیسا ہو گیا (غزل)

جس گھڑی لہجہ تمہارا خار جیسا ہو گیا

دل بہت نازک تھا میرا ریزہ ریزہ ہو گیا

کیسے کہتے ہو اسے تم یہ وفا کی ہے مثال

آئنے میں جو بھی آیا یہ اسی کا ہو گیا

کس کا ہونا ہے تمہیں یہ ہے تمہارا مسئلہ

مجھ کو ہونا تھا کسی کا سو تمہارا ہو گیا

ایک دن جھگڑے کی عادت ہم کو لائی تھی قریب

ایک دن اس پہ ہی ہم دونوں کا جھگڑا ہو گیا

اک ذرا آنکھوں پہ چشمہ لگنا باقی تھا مری

صاف اس کے بعد تو ہر ایک چہرہ ہو گیا

میں نہ کہتا تھا فقط دیدار ہے اس کا علاج

دیکھ تجھ کو دیکھ کر بیمار اچھا ہو گیا

سیڑھیاں شہرت کی چڑھتے دیکھ کر مجھ کو اسدؔ

دوستوں کا بھی مری جانب نشانہ ہو گیا

کسی کا جھوٹا کسی کا سچا خیال لڑکی (غزل)

کسی کا جھوٹا کسی کا سچا خیال لڑکی

تمہیں ہو یعنی کہ وجہ ہجر و وصال لڑکی

ہے عشق تم سے یہی کہا ہے یہی کہیں گے

جو بارہا بھی کرو گی ہم سے سوال لڑکی

پڑے ہیں پھیکے یہ چاند تارے بھی اس کے آگے

کہاں سے لائی ہو تم یہ حسن و جمال لڑکی

ہے راہ مشکل تمہیں مگر ہارنا نہیں ہے

یقین جانو بنو گی اک دن مثال لڑکی

بلندیوں پر ذرا تکبر سے دور رہنا

وگرنہ یہ ہی بنے گا وجہ زوال لڑکی

تمہیں پتا ہے ہمارے دل میں تمہارے جیسی

طویل عرصے سے رہتی ہے اک غزال لڑکی

اگر کبھی ہم بچھڑ گئے تو تمہیں بھی ہوگا

بتاؤ نا کیا کوئی بھی غم یا ملال لڑکی

اسدؔ نے تم پر غزل مکمل اتار تو دی

یہ دیکھ لینا کہ ہو نہ جائے وبال لڑکی

مجھے اک نظم لکھنی ہے (نظم)

مجھے اک نظم لکھنی ہے

مگر تم پر نہیں لکھنی

پریشاں ہوں بہت دن سے

مگر جب لکھنا چاہوں تو

تمہارا ہی تصور ہے

مرے اس دل محلے میں

تمہاری یاد کے جگنو

مسلسل جگمگاتے ہیں

مرے ذہن و گماں کی سب

ہی دیواریں ابھی تک ان

چراغوں سے چراغاں ہیں

جو اس تاریک شب میں تم

جلا کر بھول آئے تھے

سنو اب ان چراغوں سے

مری یہ روح جلتی ہے

تمہیں یہ بھی پتا ہے کہ

مجھے جلتی ہوئی شئے کو

بجھانا تک نہیں آتا

کہ جیسے ایک دن تم نے

مری جلتی ہوئی سگریٹ کو

اپنے پاؤں کے نیچے

مسل کر کے بجھایا تھا

جسے اب تک جلانے کی

میں ہمت کر نہیں پایا

تو کیا ایسے ہی تم پھر سے

مرے ذہن و گماں میں جل

رہے ان اپنی یادوں کے

چراغوں کو ہوا دے کر

بجھا دوگے

مزید غزلیں از اسد بجنوری علیگ ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں