پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

احمد وصی کی غزلیں — Ahmad Wasi Ghazals

احمد وصی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

درد ٹھہرے تو ذرا دل سے کوئی بات کریں (غزل)

درد ٹھہرے تو ذرا دل سے کوئی بات کریں

منتظر ہیں کہ ہم اپنے سے ملاقات کریں

دن تو آوازوں کے صحرا میں گزارا لیکن

اب ہمیں فکر یہ ہے ختم کہاں رات کریں

میری تصویر ادھوری ہے ابھی کیا معلوم

کیا مری شکل بگڑتے ہوئے حالات کریں

اور اک تازہ تعارف کا بہانہ ڈھونڈیں

ان سے کچھ ان کے ہی بارے میں سوالات کریں

آؤ دو چار گھڑی بیٹھ کے اک گوشے میں

کسی موضوع پہ اظہار خیالات کریں

پیارے پیارے یگوں میں آئے پیارے پیارے لوگ (غزل)

پیارے پیارے یگوں میں آئے پیارے پیارے لوگ

اس بے چارے دور میں جنمے ہم بے چارے لوگ

ہر چہرہ پر کھنچی ہوئی ہیں تھکن کی ریکھائیں

جیت کا اک پل کھوج رہے ہیں ہارے ہارے لوگ

بھور بھئی پھر سانجھ بھئی پھر بھور بھئی پھر سانجھ

سمے چکر میں بندھے ہوئے ہیں سانجھ سکارے لوگ

آتی ہے اتہاس سے ان کے بھانت بھانت کی باس

ہر مٹی کو سونگھ چکے ہیں یہ بنجارے لوگ

حد بندی کی ریکھا توڑیں آؤ گلے لگ جائیں

ادھر تمہارے لوگ کھڑے ہیں ادھر ہمارے لوگ

اس ساون میں ہر آنگن میں دکھوں کی ہے برسات

اب کے کوئی بچ نہیں پایا بھیگے سارے لوگ

اے خدا ہے تو ہی مالک دو جہاں (نظم)

اے خدا ہے تو ہی مالک دو جہاں

تیری قدرت کے جلوے ہیں ہر سو عیاں

جگمگائیں ترے نور کی بھیک سے

چاند تارے کرن چاندنی کہکشاں

پھول شبنم چمن رنگ خوشبو دھنک

سب کے سب ہیں تیری عظمتوں کے نشاں

پیڑ پودے تیری حکمرانی میں ہیں

تیرے ہی حکم سے ہیں سمندر رواں

تیرا کلمہ ہواؤں کے ہونٹوں پہ ہے

گونجتی ہے فضاؤں میں تیری اذاں

ہر بلندی تیرے سامنے پست ہے

تیرے آگے جھکائے ہے سر آسماں

ہاتھ اٹھا کر یہی مانگتے ہیں دعا

کر دے ہر دل کو تو پیار کا گلستاں

مزید غزلیں از احمد وصی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں