اسد بھوپالی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کچھ بھی ہو وہ اب دل سے جدا ہو نہیں سکتے (غزل)
کچھ بھی ہو وہ اب دل سے جدا ہو نہیں سکتے
ہم مجرم توہین وفا ہو نہیں سکتے
اے موج حوادث تجھے معلوم نہیں کیا
ہم اہل محبت ہیں فنا ہو نہیں سکتے
اتنا تو بتا جاؤ خفا ہونے سے پہلے
وہ کیا کریں جو تم سے خفا ہو نہیں سکتے
اک آپ کا در ہے مری دنیائے عقیدت
یہ سجدے کہیں اور ادا ہو نہیں سکتے
احباب پہ دیوانے اسدؔ کیسا بھروسہ
یہ زہر بھرے گھونٹ روا ہو نہیں سکتے
نہ ساتھی ہے نہ منزل کا پتہ ہے (غزل)
نہ ساتھی ہے نہ منزل کا پتہ ہے
محبت راستہ ہی راستہ ہے
وفا کے نام پر برباد ہو کر
وفا کے نام سے دل کانپتا ہے
میں اب تیرے سوا کس کو پکاروں
مقدر سو گیا غم جاگتا ہے
وہ سب کچھ جان کر انجان کیوں ہیں
سنا ہے دل کو دل پہچانتا ہے
یہ آنسو ڈھونڈتا ہے تیرا دامن
مسافر اپنی منزل جانتا ہے
مزید غزلیں از اسد بھوپالی ←3 غزلیں منسلک