پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

آرزو سہارنپوری کی غزلیں — Arzoo Saharanpuri Ghazals

آرزو سہارنپوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

عشق آئینۂ حیرت کے سوا کچھ بھی نہیں (غزل)

عشق آئینۂ حیرت کے سوا کچھ بھی نہیں

میری صورت تری صورت کے سوا کچھ بھی نہیں

حسن کہتے ہیں جسے عشق و محبت والے

جوہر چشم بصیرت کے سوا کچھ بھی نہیں

دولت قرب ہو یا نعمت عرفان جمال

صرف اک اشک ندامت کے سوا کچھ بھی نہیں

ہجر ہو وصل ہو اے دوست عدم ہو کہ وجود

اک تری چشم عنایت کے سوا کچھ بھی نہیں

تیری ہستی کہ ندامت کے سوا سب کچھ ہے

میری فطرت کہ ندامت کے سوا کچھ بھی نہیں

حسن ظاہر ہو کہ اے آرزو حسن باطن

زلف ادراک کی نکہت کے سوا کچھ بھی نہیں

روح میں تازگی نہیں قلب میں روشنی نہیں (غزل)

روح میں تازگی نہیں قلب میں روشنی نہیں

تیری قسم ترے بغیر زندگی زندگی نہیں

تذکرۂ خدا نہیں سلسلۂ خودی نہیں

اب میں وہاں ہوں جس جگہ میرے سوا کوئی نہیں

سجدۂ دوست کے لئے چاہئے جذب بے خودی

بندگی اور بہ قید ہوش کفر ہے بندگی نہیں

سست قدم تھے مہر و ماہ رہ گئے مثل گرد راہ

منزل عشق میں مرا ہم سفر اب کوئی نہیں

ذوق طلب ہے حاصل حسن تمام کائنات

طالب دید بھی تو ہو جلوؤں کی کچھ کمی نہیں

نغمۂ دل پہ جھومنا پائے صنم کو چومنا

زاہد خشک تر ابھی واقف بندگی نہیں

آرزوؔ دل کے ساتھ ساتھ ہوش و خرد بھی پھونک دے

عشق میں آرزوئے عشق شان قلندری نہیں

مزید غزلیں از آرزو سہارنپوری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں