پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

احمد وصال کی غزلیں — Ahmad Visal Ghazals

احمد وصال کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اندھیری راتوں میں پھر ساتھ میں اجالا گیا (غزل)

اندھیری راتوں میں پھر ساتھ میں اجالا گیا

شجر لگائے جہاں پر پڑاؤ ڈالا گیا

جو وقت ملتا تو کچھ اور کام کر لیتے

ہمارے جیسوں سے بس عشق روگ پالا گیا

ابھی جو ہاتھ ہیں ملتے ملول بیٹھے ہیں

نہ اس کو روک ہیں پائے نہ دل سنبھالا گیا

گلی گلی میں گھٹن نفرتوں کے ڈیرے بنے

وفا کی رسموں کو جب شہر سے نکالا گیا

ہوا اڑا کے چلی ہے بھرا غبارہ نہیں

غریب شخص کے ہاتھوں سے اک نوالہ گیا

غریب شہر کی روزوں نے لاج رکھ لی ہے

اگرچہ فاقوں کا قصہ بہت اچھالا گیا

نہیں تھی اس کی ضرورت کہ کمرہ خالی تھا

سو آگے چابی چلی پیچھے پیچھے تالا گیا

کبھی تو وقت نے ملنے نہیں دیا ہے مجھے

کبھی بہانوں سے مجھ کو وصالؔ ٹالا گیا

تعدلو اعدلو آیات پہ پابندی ہے (غزل)

تعدلو اعدلو آیات پہ پابندی ہے

اس لیے ایک ملاقات پہ پابندی ہے

جان ڈالی ہے تن مردہ میں اک آنچل نے

کون کہتا ہے کرامات پہ پابندی ہے

کوئی گر چاہے تو کھل کر بھی نہیں رو سکتا

حکم حاکم ہے کہ برسات پہ پابندی ہے

حسن والوں سے جواب اس کا کوئی لے آئے

آپ کے دین میں خیرات پہ پابندی ہے

قید کر ڈالا پرندے کو ہے پنجرے میں مگر

کون سمجھائے کہ نغمات پہ پابندی ہے

کیسے رشتوں کے تقدس کو ہے پامال کیا

بس زبانی ہی خرافات پہ پابندی ہے

غم ہزاروں ہوں تو پوچھے گا نہ کوئی احمد

بس یہاں خوشیوں کی بہتات پہ پابندی ہے

مزید غزلیں از احمد وصال ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں