پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اسد علی خان قلق کی غزلیں — Asad Ali Khan Qalaq Ghazals

اسد علی خان قلق کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

بشر کے فیض صحبت سے لیاقت آ ہی جاتی ہے (غزل)

بشر کے فیض صحبت سے لیاقت آ ہی جاتی ہے

پری زادوں کو آخر آدمیت آ ہی جاتی ہے

جوانی سے دیا وہ ہوتے ہیں غافل ضعیفی میں

نسیم صبح چلتی ہے تو غفلت آ ہی جاتی ہے

کلید قفل مشکل ہوتی ہے داد و دہش آخر

سخی کے ایک دن آڑے سخاوت آ ہی جاتی ہے

رقیب اس شوخ سے جب گرمیاں کرتے ہیں محفل میں

نہیں قابو میں دل رہتا حرارت آ ہی جاتی ہے

ہمیں بھی یاد کر لیتے ہیں وہ بھولے سے صحبت میں

کبھی ہم بے نصیبوں کی بھی نوبت آ ہی جاتی ہے

طبیعت کو نہ کیوں کر غیر کے مضمون سے نفرت ہو

کہ جھوٹی چیز سے اکثر کراہت آ ہی جاتی ہے

بجا کہتے ہیں جو کہتے ہیں یہ خدمت سے عظمت ہے

کہ کام انساں کے اک دن ریاضت آ ہی جاتی ہے

عجب سر گرم کوشش ہو مقدر میں جو ہوتی ہے

تو ہاتھ انساں کے اک روز دولت آ ہی جاتی ہے

تأسف کرتے ہیں وہ دیکھ کر میرا دل ویراں

خرابے پر گزرتے ہیں تو غیرت آ ہی جاتی ہے

دبایا جب رقیبوں کو تو بولے یار کیا کہنا

جو ارباب حیا ہیں ان کو غیرت آ ہی جاتی ہے

حسینوں کو ہی زیبا حسن صورت پر غرور اپنے

ہر اک ارباب دولت کو رعونت آ ہی جاتی ہے

عجب شے ہے خوشی بھی سن کے وصل یار کا مژدہ

مریض ہجر کے چہرے پہ وحشت آ ہی جاتی ہے

چھپانے سے نہیں چھپتا ہے حسن دل کش عالم

کہیں ہو دیکھنے میں اچھی صورت آ ہی جاتی ہے

سکھا دیتا ہے اقبال آدمی کو نیک و بد آخر

یہ دولت ہے وہ شے شان ریاست آ ہی جاتی ہے

توجہ منعموں کی نفع سے خالی نہیں ہوتی

ہوائے گوشۂ دامان دولت آ ہی جاتی ہے

ستم دیدہ جو ہیں وہ ذکر آفت سے بھی ڈرتے ہیں

قلقؔ نام شب فرقت سے دہشت آ ہی جاتی ہے

ادا سے دیکھ لو جاتا رہے گلہ دل کا (غزل)

ادا سے دیکھ لو جاتا رہے گلہ دل کا

بس اک نگاہ پہ ٹھہرا ہے فیصلہ دل کا

ستم وہ تم نے کیے بھولے ہم گلہ دل کا

ہوا تمہارے بگڑنے سے فیصلہ دل کا

بہار آتے ہی کنج قفس نصیب ہوا

ہزار حیف کہ نکلا نہ جو صلہ دل کا

جو یہ نشانہ اڑا دو تو سمجھیں تیر فگن

بہت ہے ناوک مژگاں سے فاصلہ دل کا

الٰہی خیر ہو کچھ آج رنگ بے ڈھب ہے

ٹپک رہا ہے کئی دن سے آبلہ دل کا

چلا ہے چھوڑ کے تنہا کدھر تصور یار

شب فراق میں تھا تجھ سے مشغلہ دل کا

وہ رند ہوں کہ مجھے ہتھکڑی سے بیعت ہے

بلا ہے گیسوئے جاناں سے سلسلہ دل کا

پھرا جو کوچۂ کاکل سے کوئی پوچھیں گے

سنا ہے لٹ گیا رستہ میں قافلہ دل کا

امید صبح میں کرتا ہوں چاک دامن شب

جنوں میں روز نکالا ہے مشغلہ دل کا

وہ ظلم کرتے ہیں ہم پر تو لوگ کہتے ہیں

خدا برے سے نہ ڈالے معاملہ دل کا

ہزار فصل گل آئے جنوں وہ جوش کہاں

گیا شباب کے ہم راہ ولولہ دل کا

خدا کے ہاتھ ہے اپنا اب اے قلقؔ انصاف

بتوں سے حشر میں ہوگا مقابلہ دل کا

مزید غزلیں از اسد علی خان قلق ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں