پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اروند شرما اذان کی غزلیں — Arvind Sharma Azaan Ghazals

اروند شرما اذان کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

آپ ہیں میں ہوں محبت کی ڈگر ہے سامنے (غزل)

آپ ہیں میں ہوں محبت کی ڈگر ہے سامنے

سوچئے مت خوب صورت سا سفر ہے سامنے

آپ کی آنکھوں کا منظر دیکھ کر لگتا ہے یوں

جس سے میں روشن ہوا ہوں وہ قمر ہے سامنے

سایا بن کے ساتھ ہے وہ فاصلہ پھر بھی لگے

ایسی قربت میں بھی دوری کا اثر ہے سامنے

کیا کروں اس موڑ پر یہ مسئلہ پھر آ گیا

اک طرف در ہے خدا کا تیرا گھر ہے سامنے

ضبط ایسا تھا کہ پتھر ہو گیا یہ دل مرا

چشم تر ہوں کیونکہ میرا ہم سفر ہے سامنے

بات ہوتی تو یہ عالم کیا سے کیا ہوتا مگر

وہ بھی چپ ہے میں بھی چپ ہوں اور نظر ہے سامنے

زور بازو آزمانا ہے اگر اب آپ کو

ہاتھ میں پتھر اٹھا لو میرا سر ہے سامنے

جھریوں میں گم ہوئی بچپن کی سب معصومیت

عمر بھر کا دیکھیے اب وہ سفر ہے سامنے

گاؤں لوٹا شہر سے جب کوئی بھی اپنا نہ تھا

بس وہی اک آم کا بوڑھا شجر ہے سامنے

آسماں میں چاند تاروں کے سوا کچھ بھی نہیں (غزل)

آسماں میں چاند تاروں کے سوا کچھ بھی نہیں

ان اجالوں میں رکھا کیا ہے بھلا کچھ بھی نہیں

میں زمیں اور آسماں کے بیچ میں موجود ہوں

میرے اندر بس خلا ہے اور بچا کچھ بھی نہیں

زندگی بھی دیکھیے بس رائیگاں گزری میری

عمر تو گزری مگر مجھ کو ملا کچھ بھی نہیں

کون ہوں میں کیا ہوں آخر کیا حقیقت ہے مری

سوچتا ہوں سوچنے کا فائدہ کچھ بھی نہیں

میں نے ہر انداز سے پرکھا ہے میری زیست کو

خواہشوں کے ایک جنگل کے سوا کچھ بھی نہیں

گھر میں پھیلی ہے تری بھینی سی خوشبو ہر جگہ

بکھرے پنے ہیں مگر ان پر لکھا کچھ بھی نہیں

اٹھ رہی ہے ہر طرف جلتے شراروں کی فصیل

زندگی اور موت کا یہ مسئلہ کچھ بھی نہیں

مزید غزلیں از اروند شرما اذان ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں