پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ارسلان فارس کی غزلیں — Arslan Faris Ghazals

ارسلان فارس کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہنستے ہنستے وہ ترا ہم کو رلانا یاد ہے (غزل)

ہنستے ہنستے وہ ترا ہم کو رلانا یاد ہے

ہم کو تیری دل لگی کا وہ زمانہ یاد ہے

آج تک ہم نے نہ پایا ایک بھی خط کا نشاں

نام پڑھتے ہی مرا خط کو جلانا یاد ہے

رات دن تیرے خیالوں میں گزرتے تھے کبھی

رات دن تیرا ہمیں وہ یاد آنا یاد ہے

وہ نہ ملنے کے لیے ہم سے بہانہ بھی ترا

غیر کے ہر اک بلانے پر بھی جانا یاد ہے

میرے آتے ہی وہ ان کی خامشی بھی ارسلانؔ

اور مرے جاتے وہ ان کا لب ہلانا یاد ہے

حسن والوں نے عجب حشر اٹھا رکھا ہے (غزل)

حسن والوں نے عجب حشر اٹھا رکھا ہے

ساری دنیا کو ہی دیوانہ بنا رکھا ہے

ایک قاتل نے عجب قہر مچا رکھا ہے

ایک بسمل نے عجب رقص بپا رکھا ہے

جل کے بجھتا ہے کبھی جل کے بھڑک اٹھتا ہے

ہم نے پہلو میں جو اک شعلہ نما رکھا ہے

ڈانٹ کر کہتے ہیں تم چپ رہو منہ بند رکھو

وصل کا تم نے یہ کیا رٹا لگا رکھا ہے

درد یہ میرے کف و پا نہ اٹھا سکتے تھے

جس جگہ تو نے یہ رکھا ہے بجا رکھا ہے

ٹھوکریں لعنت و دشنام ملامت ذلت

اور کیا دنیا میں اس در کے سوا رکھا ہے

مست آنکھوں سے جو اک جام پیا تھا اس پر

دل تو کیا ہم نے جگر اپنا لٹا رکھا ہے

مزید غزلیں از ارسلان فارس ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں