احمد شاہد خاں کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ساغر کیوں خالی ہے مرا اے ساقی ترے میخانے میں (غزل)
ساغر کیوں خالی ہے مرا اے ساقی ترے میخانے میں
پھر ڈال دے الفت کی نظریں اک بار مرے پیمانے میں
وہ عشق نہیں ہے بو الہوسی جو وصل کی چاہت کرتا ہے
باقی ہے فراست اب تک بھی اتنی تو ترے دیوانے میں
دنیا کی عنایت ہے اتنی ہر گام بچھاتی ہے کانٹے
ہم رنگ حنا کیسے بھرتے اس الفت کے افسانے میں
کیوں خاک میں میری وصف نہیں جس سے مہ و انجم شرمائیں
ہر آن الجھتا جاتا ہوں اس گتھی کو سلجھانے میں
پھر راز خودی اعزاز خودی پرواز خودی اس سے پوچھیں
اقبالؔ سا کوئی فرزانہ مل جائے اگر انجانے میں
دنیا سبھی باطل کی طلب گار لگے ہے (غزل)
دنیا سبھی باطل کی طلب گار لگے ہے
جس روح کو دیکھو وہی بیمار لگے ہے
جب بھوک سے مر جاتا ہے دوراہے پہ کوئی
بستی کا ہر اک شخص گنہ گار لگے ہے
شاید نئی تہذیب کی معراج یہی ہے
حق گو ہی زمانے میں خطا کار لگے ہے
وہ تیری وفا کی ہو کہ دنیا کی جفا کی
مت چھیڑ کوئی بات کہ تلوار لگے ہے
کیا ظرف ہے ہر ظلم پہ خاموش ہے دنیا
اس دور کا انسان پر اسرار لگے ہے
جس نے کبھی دریا کا تلاطم نہیں دیکھا
ساحل بھی اسے دور سے منجھدار لگے ہے