پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

آرتی کماری کی غزلیں — Arti Kumari Ghazals

آرتی کماری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

جو تو زندگی میں نہ مل سکا مجھے اس کا کوئی گلہ نہیں (غزل)

جو تو زندگی میں نہ مل سکا مجھے اس کا کوئی گلہ نہیں

ہے گلہ نصیب میں پھر کبھی بھی وفا کا پھول کھلا نہیں

میں رہوں گی سنگ سدا ترے تو جہاں رہے مرے ہم سفر

مرا آشیاں ترے دل میں ہے مری چاہ کوئی قلعہ نہیں

مری حسرتیں مرے ساتھ ہی تجھے یاد کر کے ہیں تھک گئیں

تری خامشی ہے سزا مجھے مرے پیار کا یہ صلہ نہیں

یہ جو خواب ہے مری آنکھ میں ترے دم سے ہے یہ بنا ہوا

ترا عکس آنکھ کی جھیل میں کئی مدتوں سے ہلا نہیں

مرا پیار تم تو نصیب ہو مری زندگانی کا نور ہو

میں جہان بھر میں تلاش کی مجھے تم سا کوئی ملا نہیں

تمہیں دنیا کی نظروں سے بچا کر ساتھ رکھنا ہے (غزل)

تمہیں دنیا کی نظروں سے بچا کر ساتھ رکھنا ہے

مری چاہت کا خط ہو تم چھپا کر ساتھ رکھنا ہے

مرے آنگن میں ٹھہرے ہیں تمہاری یاد کے سائے

تمہارے آنے تک دل سے لگا کر ساتھ رکھنا ہے

کہانی کی طرح تم کو سنا سکتی نہیں سب کو

تمہیں گیتوں کے جیسے گنگنا کر ساتھ رکھنا ہے

سجانا ہے کبھی ہاتھوں میں مہندی کی طرح تجھ کو

کبھی آنکھوں میں کاجل سا سما کر ساتھ رکھنا ہے

میں تتلی کی طرح ہوں پھول کے جیسا ہے تو ہمدم

میں دل ہوں سو تجھے دھڑکن بنا کر ساتھ رکھنا ہے

سفر مشکل بہت ہے اور منزل دور ہے اپنی

ہمیں مشکل کو ہی ہمت بنا کر ساتھ رکھنا ہے

مزید غزلیں از آرتی کماری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں