پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

احمد شاہ خاں شبنم کی غزلیں — Ahmad Shah Khan Shabnam Ghazals

احمد شاہ خاں شبنم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

جب یہ پوچھا کہ کب ملیں گے آپ (غزل)

جب یہ پوچھا کہ کب ملیں گے آپ

ہنس کے بولے کہ جب ملیں گے آپ

وصل میں بھی وہی کھنچاوٹ ہے

ہم نے جانا تھا اب ملیں گے آپ

یہ لگی لپٹی باتیں خوب نہیں

صاف کہئے کہ کب ملیں گے آپ

کھینچنے والے جب ہی تک ہیں کھنچے

مل گئے تم تو سب ملیں گے آپ

دیکھ پایا ہے کچھ تو شبنمؔ میں

کس سے یوں بے سبب ملیں گے آپ

جوش جنوں میں نکلے ہیں جب اپنے گھر سے ہم (غزل)

جوش جنوں میں نکلے ہیں جب اپنے گھر سے ہم

مل مل کے خوب روئے ہیں دیوار و در سے ہم

تقدیر کا لکھا نہ مٹے گا کسی طرح

رگڑیں ہزار سر کو ترے سنگ در سے ہم

اچھی کہی کہ وصل میں ہم سے نہ بولئے

باتیں کریں گے آج بھی دیوار و در سے ہم

الفت رقیب کی نہ چھپے گی کسی طرح

اے جان تاڑ لیں گے تمہاری نظر سے ہم

چلنے کو چلتے ہیں مگر اے بانیٔ فساد

زندہ نہ پھر کے آئیں گے دشمن کے گھر سے ہم

پھوٹے ہوئے نصیب کی یہ بھی ہیں گردشیں

سر پھوڑتے جو پھرتے ہیں دیوار و در سے ہم

دن ہو گیا تمام نہ مطلب ہوا تمام

لکھتے ہیں نامہ یار کو بیٹھے سحر سے ہم

یہ رشک ہے کہ یار سے باتیں کرے گا یہ

لڑتے ہیں بات بات پہ پیغامبر سے ہم

دیکھیں گے کتنی اپنی مقدر میں ہے کجی

اک دن ملائیں گے تری ترچھی نظر سے ہم

شاید ترے حضور میں پہنچا دے خط شوق

پیدا کریں گے ربط ترے نامہ بر سے ہم

دکھلائیں گے کبھی اثر آہ آتشیں

سمجھیں گے ایک دن فلک فتنہ گر سے ہم

بہلا رہے ہیں دل شب تنہائیٔ فراق

پہروں سے باتیں کرتے ہیں دیوار و در سے ہم

وحشت یہ چاہتی ہے کہ صحرا کی سیر ہو

دل چاہتا ہے مر کے اٹھیں اس کے در سے ہم

شبنمؔ کی کچھ خبر نہیں کس حال میں ہے اب

پوچھیں گے ایک روز نسیم سحر سے ہم

مزید غزلیں از احمد شاہ خاں شبنم ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں