پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عرشی بھوپالی کی غزلیں — Arshi Bhopali Ghazals

عرشی بھوپالی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

نگاہ شوق سے کب تک مقابلہ کرتے (غزل)

نگاہ شوق سے کب تک مقابلہ کرتے

وہ التفات نہ کرتے تو اور کیا کرتے

یہ رسم ترک محبت بھی ہم ادا کرتے

تیرے بغیر مگر زندگی کو کیا کرتے

غرور حسن کو مانوس التجا کرتے

وہ ہم نہیں کہ جو خود داریاں فنا کرتے

کسی کی یاد نے تڑپا دیا پھر آ کے ہمیں

ہوئی تھی دیر نہ کچھ دل سے مشورا کرتے

یہ پوچھو حسن کو الزام دینے والوں سے

جو وہ ستم بھی نہ کرتا تو آپ کیا کرتے

ستم شعار ازل سے ہے حسن کی فطرت

جو میں وفا بھی نہ کرتا تو وہ جفا کرتے

ہمیں تو اپنی تباہی کی داد بھی نہ ملی

تری نوازش بیجا کا کیا گلا کرتے

نگاہ ناز کی معصومیت ارے توبہ

جو ہم فریب نہ کھاتے تو اور کیا کرتے

نگاہ لطف کی تسکیں کا شکریہ لیکن

متاع درد کو کس دل سے ہم جدا کرتے

فلسفی کس لیے الزام فنا دیتا ہے (غزل)

فلسفی کس لیے الزام فنا دیتا ہے

لفظ کن خود مری ہستی کا پتہ دیتا ہے

ہو گیا ترک مراسم کو زمانہ لیکن

آج تک دل تری نظروں کو دعا دیتا ہے

تھرتھراتے ہوئے ہاتھوں سے دوا کے بدلے

چارہ گر آج نہ جانے مجھے کیا دیتا ہے

کچھ تو ہوتا ہے حسینوں کو بھی احساس جمال

اور کچھ عشق بھی مغرور بنا دیتا ہے

سوز الفت سے وہ کم مایۂ غم ہے محروم

آتش دل کو جو اشکوں سے بجھا دیتا ہے

پردہ داری بھی ہے اک مصلحت خاص جمال

شوق نظارہ کی قیمت کو بڑھا دیتا ہے

زندگی دے کے مصیبت میں ہمیں ڈال دیا

کوئی یوں بھی کہیں بے جرم سزا دیتا ہے

دار مل ہی گئی منصور کو واعظ ورنہ

کون دنیا میں محبت کا صلہ دیتا ہے

ہائے اس بیکس و مجبور کی قسمت عرشیؔ

شام سے پہلے ہی جو شمع جلا دیتا ہے