احمد صغیر صدیقی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
آسماں زاد زمینوں پہ کہیں ناچتے ہیں (غزل)
آسماں زاد زمینوں پہ کہیں ناچتے ہیں
ہم وہ پیکر ہیں سر عرش بریں ناچتے ہیں
اپنا یہ جسم تھرکتا ہے بس اپنی دھن پر
ہم کبھی اور کسی دھن پہ نہیں ناچتے ہیں
اپنے رنگوں کو تماشے کا کوئی شوق نہیں
مور جنگل میں ہی رہتے ہیں وہیں ناچتے ہیں
تن کے ڈیرے میں ہے جاں مست قلندر کی طرح
واہمے تھک کے جو رکتے ہیں یقیں ناچتے ہیں
کب سے اک خواب ہے آنکھوں میں کہ تعبیر بھی ہے
اس میں گاتے ہیں مکاں اور مکیں ناچتے ہیں
ہیں شاخ شاخ پریشاں تمام گھر میرے (غزل)
ہیں شاخ شاخ پریشاں تمام گھر میرے
کٹے پڑے ہیں بڑی دور تک شجر میرے
چراغ ان پہ جلے تھے بہت ہوا کے خلاف
بجھے بجھے ہیں جبھی آج بام و در میرے
ہزاروں سال کی تاریخ لکھی جائے گی
زمیں کے بطن سے ابھریں گے جب کھنڈر میرے
یہ دیکھنا ہے کہ اب ہار مانتا ہے کون
ادھر ہے وسعت امکاں ادھر ہیں پر میرے
میں اپنی ذات کی تعبیر کی تلاش میں تھا
تو میرے خواب چلے بن کے ہم سفر میرے
سراغ موسم گل کے امین کی صورت
کھلے ہوئے ہیں خزاں میں بھی زخم سر میرے