عرشی بستوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اے مرے چارہ گر سوچ کر بولنا (غزل)
اے مرے چارہ گر سوچ کر بولنا
کیا ہے درمان زخم جگر بولنا
آگ سے کھیلنا کوئی مشکل نہیں
سخت مشکل ہے حق بات پر بولنا
آج کے دور کا خاص دستور ہے
عیب کو زندگی کا ہنر بولنا
پیار کی اہمیت کا پتہ دے گیا
شام وعدہ ترا روٹھ کر بولنا
سر بھی کٹ جائے عرشیؔ مگر دیکھنا
خیر کو خیر اور شر کو شر بولنا
ادھورا علم رکھ کر خود کو جو کامل سمجھتے ہیں (غزل)
ادھورا علم رکھ کر خود کو جو کامل سمجھتے ہیں
سفر میں میل کے پتھر کو وہ منزل سمجھتے ہیں
جو خود کو احمقوں کی بزم میں عاقل سمجھتے ہیں
ہم ایسے بے شعوروں کو فقط جاہل سمجھتے ہیں
محبت سے کرے جو بات میں ہو جاتا ہوں اس کا
بہت آساں ہوں جانے آپ کیوں مشکل سمجھتے ہیں
ادب خود اپنی آنکھوں کا کیا ہے اس لئے ہم نے
حسیں چہرہ تمہارا دید کے قابل سمجھتے ہیں
کسی بھی پل ہمیں یہ چین سے جینے نہیں دیتا
ترے گالوں کے تل کو اپنا ہم قاتل سمجھتے ہیں
کسی کی خوش مزاجی اس کا غم ظاہر نہیں کرتی
سمندر کتنا پیاسا ہے فقط ساحل سمجھتے ہیں
سزا مظلوم کو دیتے ہیں ظالم چھوٹ جاتا ہے
ہم ایسے منصفوں کو عدل کا قاتل سمجھتے ہیں
شجاعت کا ہماری سلسلہ تو کربلا تک ہے
کہ ہم مشکل کشا والے کہاں مشکل سمجھتے ہیں
تقابل مت کرو عرشیؔ ہمارا ایسے لوگوں سے
جو بزدل ہیں ہمیں اپنی طرح بزدل سمجھتے ہیں