پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

احمد صغیر کی غزلیں — Ahmad Sageer 1 Ghazals

احمد صغیر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ٹوٹی ہوئی قبروں میں کہیں تھے کہ نہیں تھے (غزل)

ٹوٹی ہوئی قبروں میں کہیں تھے کہ نہیں تھے

سب اہل ہوس زیر زمیں تھے کہ نہیں تھے

دیباچۂ امکان میں رکھ چھوڑنے والے

ہم لوگ بتا اہل یقیں تھے کہ نہیں تھے

دکھ اوڑھ کے رونے کے اداکار مرے یار

تم میری محبت کے امیں تھے کہ نہیں تھے

جو خواب تسلسل سے مجھے نوچ رہے ہیں

وہ خواب ترے دل کے مکیں تھے کہ نہیں تھے

اے طائر لاہوت غم خاک بسر پر

ہنگامے سر عرش بریں تھے کہ نہیں تھے

اس بوڑھی پجارن کے خد و خال سے پوچھو

بت اس کی تمنا کے حسیں تھے کہ نہیں تھے

مجھے وفاداریوں کی عادت کبھی نہیں تھی (غزل)

مجھے وفاداریوں کی عادت کبھی نہیں تھی

میرے یہاں یہ غلط روایت کبھی نہیں تھی

ہمارے مطلب کی چیز اک بے بدن کی شب تھی

ہمیں تمہارے بدن کی حاجت کبھی نہیں تھی

تمہارے ہونٹوں سا کہہ دیا ہے کسی نے شاید

وگرنہ پھولوں میں یہ نزاکت کبھی نہیں تھی

میں اس سے پہلے بھی وحشتوں میں رہا ہوں لیکن

جو آج ہے پہلے ایسی حالت کبھی نہیں تھی

مرے سبھی مسئلے فلک والے دیکھتے تھے

مجھے زمیں سے کوئی شکایت کبھی نہیں تھی

وہ مجھ میں اپنا بچھڑ چکا عشق پا گیا تھا

ہاں اس کو مجھ سے کوئی محبت کبھی نہیں تھی

تمہارے بندوں کو دیکھ کر ایسا لگ رہا ہے

انہیں خدا کی کوئی ضرورت کبھی نہیں تھی

مزید غزلیں از احمد صغیر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں