ارشد رسول بدایونی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
لاکھ کہتے رہو برا ہوں میں (غزل)
لاکھ کہتے رہو برا ہوں میں
جانتا ہے خدا کہ کیا ہوں میں
لوگ جنت کی سوچ رکھتے ہیں
ماں کے بارے میں سوچتا ہوں میں
پاک ہے پیار اس قدر میرا
جسم کو چھوڑ کر ملا ہوں میں
آج پھر فون آ گیا اس کا
پھر سے سن لوں کہ بے وفا ہوں میں
جب کوئی حل نکل نہیں سکتا
سب تمہیں کیوں بتا رہا ہوں میں
کچھ تو ہے جو چھپا رہے ہو تم
درد آنکھوں سے آنکتا ہوں میں
دور مشکل میں ہی سہی ارشدؔ
ان کو اب یاد آ گیا ہوں میں
بات جو پرانی ہے اس کو بھول جاتے ہیں (غزل)
بات جو پرانی ہے اس کو بھول جاتے ہیں
زندگی کو اب مل کر زندگی بناتے ہیں
بارشوں کے موسم میں بارشیں نہیں دیکھیں
موم کے بدن والے دھوپ سے نہاتے ہیں
پھول بدلیاں بارش اور چاندنی شبنم
یہ سبھی تڑپتے ہیں سب تمہیں بلاتے ہیں
تم نئے لباسوں میں خوب ہی چمکتے ہو
ہم تو کہکشاں بن کر دل میں جگمگاتے ہیں
اب نہیں کوئی رشتہ آج مدتیں گزریں
نام سے تمہارے پھر لوگ کیوں چڑھاتے ہیں
روح کا یہ میلا پن دور کر لیا ہوتا
آپ گنگا جل سے تو خوب ہی نہاتے ہیں
کھل رہی یہاں بے حد پیار کی کمی ارشدؔ
گاؤں کے وہ چوبارے آج بھی بلاتے ہیں