پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

احمد ریاض کی غزلیں — Ahmad Riyaz Ghazals

احمد ریاض کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہم ہی بدلیں گے رہ و رسم گلستاں یارو (غزل)

ہم ہی بدلیں گے رہ و رسم گلستاں یارو

ہم سے وابستہ ہے تعمیر بہاراں یارو

قربت کاکل و رخسار سے جی تنگ نہیں

اک ذرا چین تو دے گردش دوراں یارو

لاکھ ہم مرحلۂ دار و رسن سے گزرے

زندگی سے نہ ہوئے پھر بھی گریزاں یارو

اک تھکا خواب کہ سینے میں سلگتا ہے ابھی

اک دبی یاد کہ ہے نیش رگ جاں یارو

آمد صبح سے مایوس نہیں ہیں لیکن

ڈس نہ لے تیرگیٔ شام غریباں یارو

اور کچھ دور کہ تھوڑی ہے رہ جور و ستم

اور کچھ دیر کہ ٹوٹا در زنداں یارو

اپنا دکھ ہو تو ریاضؔ اس کا مداوا کرتے

ہیں سبھی شعلہ بجاں چاک گریباں یارو

کیا کیا محبتوں کے زمانے بدل گئے (غزل)

کیا کیا محبتوں کے زمانے بدل گئے

اب تم کبھی ملے ہو تو آنسو نکل گئے

فرط غم حوادث دوراں کے باوجود

جب بھی ترے دیار سے گزرے مچل گئے

میں نکتہ چیں نہیں ہوں مگر یہ بتائیے

وہ کون تھے جو ہنس کے گلوں کو مسل گئے

کچھ دست گل فروش میں سنولا کے رہ گئے

کچھ باغباں کی برق نوازی سے جل گئے

تم نے ہمیں فریب قیادت دیا تو ہے

لیکن کبھی ہوا ہے کہ طوفان ٹل گئے

اک وہ بھی تھے جو بہہ گئے موجوں کے ساتھ ساتھ

اک ہم بھی ہیں جو کھا کے تھپیڑے سنبھل گئے

مزید غزلیں از احمد ریاض ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں