ارشد سعد ردولوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
نئے ہر روز ہوتے حادثے اچھے نہیں لگتے (غزل)
نئے ہر روز ہوتے حادثے اچھے نہیں لگتے
بہت حالات بھی سہمے ہوئے اچھے نہیں لگتے
محافظ ہے ترا دامن بہت ہی خون میں آلود
مگر یہ داغ دامن پر ترے اچھے نہیں لگتے
فقط امن و اماں کی بات ہو تو اچھا لگتا ہے
دلوں میں خوف دہشت وسوسے اچھے نہیں لگتے
قدم پچھلا اٹھائے گا تبھی آگے بڑھے گا تو
شکستہ دل شکستہ حوصلے اچھے نہیں لگتے
زیادہ جانتے ہیں جو زیادہ چپ ہی رہتے ہیں
اگر ہم بھی زیادہ بولتے اچھے نہیں لگتے
چلو مل کر رہیں جب پھول اک ڈالی کے ہیں دونوں
گلوں کے درمیاں یہ فاصلے اچھے نہیں لگتے
امیری اور غریبی دیکھ کر یہ فیصلے کرنا
امیر شہر تیرے فیصلے اچھے نہیں لگتے
تمہیں آواز دیتا ہوں چلے آؤ جہاں ہو تم
تمہارے ہجر میں اب رت جگے اچھے نہیں لگتے
نصیحت اور حکایت ہے نئی نسلوں کی ہی خاطر
پرانے دور کے اب فلسفے اچھے نہیں لگتے
کبھی بارش کبھی گرمی کبھی سردی ضروری ہے
کسی کو سعدؔ موسم ایک سے اچھے نہیں لگتے
تو مرے عشق کی روداد نہیں سمجھے گا (غزل)
تو مرے عشق کی روداد نہیں سمجھے گا
کیوں محبت میں ہوں برباد نہیں سمجھے گا
عمر بھر قید میں رہنے کی اذیت کو کبھی
جو پرندہ رہا آزاد نہیں سمجھے گا
عہد نو سے کوئی امید لگانا ہے فضول
اب کوئی مقصد فریاد نہیں سمجھے گا
دوستی کیا ہے فقط دوست سمجھ سکتا ہے
جس نے مطلب سے کیا یاد نہیں سمجھے گا
دل کی ویران گلی ہم نے سجائی کیسے
کیوں کیا درد سے آباد نہیں سمجھے گا
تجھ سے میں شکوہ گلہ کیسے کروں سعدؔ آخر
یہ عطیہ ہے خداداد نہیں سمجھے گا
کسی بھی شخص کو اے دل (نظم)
کسی بھی شخص کو اے دل
کبھی اپنا نہیں کہنا
وگرنہ چوٹ کھائے گا
کوئی تجھ کو رلائے گا
کوئی دل توڑ جائے گا
کوئی منہ موڑ جائے گا
وفا کے گیت گائے گا
جفا تجھ سے نبھائے گا
حسیں سپنے دکھائے گا
پھر اس کو توڑ جائے گا
اگر تنہا ابھی ہے تو
کوئی بھی غم نہیں کرنا
یہ آنکھیں نم نہیں کرنا
کسی کے سامنے اپنا
کبھی سر خم نہیں کرنا
مگر یہ یاد تو رکھنا
مگر اپنا نہیں کہنا