پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ارشد ندیم ارشد کی غزلیں — Arshad Nadeem Arshad Ghazals

ارشد ندیم ارشد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

وہ جیت رہا ہے نہ مجھے ہار رہا ہے (غزل)

وہ جیت رہا ہے نہ مجھے ہار رہا ہے

اس طرح وہ قسطوں میں مجھے مار رہا ہے

ہے چہرے بدلنے میں اسے خوب مہارت

شاید وہ گئے وقت میں فنکار رہا ہے

ہر بار پلٹ جاتی ہے جیتی ہوئی بازی

لگتا ہے صفوں میں کوئی غدار رہا ہے

ساحل پہ پہنچتے ہی جسے پھینک رہے ہو

یہ شخص بھنور میں تری پتوار رہا ہے

اک کھیل ہے کرسی کا مرے دیس میں جاری

اک پتلی تماشا یہاں ہر بار رہا ہے

تلچھٹ بھی میسر نہیں اب جام کی جس کو

سنتے ہیں بلا کا کبھی مے خوار رہا ہے

سو بار دل زار کو وہ روند کے گزرا

دل ہے کہ اسی کا ہی لگاتار رہا ہے

امید تھی جس شخص پہ تعمیر کرے گا

ارشدؔ وہی کرتا مجھے مسمار رہا ہے

نہ کوئی رنج نہ دل میں ملال رکھتا ہوں (غزل)

نہ کوئی رنج نہ دل میں ملال رکھتا ہوں

ملن کے سلسلے ہر دم بحال رکھتا ہوں

مری نظر میں سبھی یار محترم ہیں مرے

میں کھوٹے سکے بھی اکثر سنبھال رکھتا ہوں

میں بیچتا نہیں افکار زر کے بدلے میں

روایتوں سے میں رشتے بحال رکھتا ہوں

میں چاند ہاتھ میں لینے کی ضد نہیں کرتا

میں خواہشوں کو سدا حسب حال رکھتا ہوں

شگفتگی ہے وراثت مرے بزرگوں کی

میں گفتگو کے ہنر میں کمال رکھتا ہوں

میں خامشی کو سمجھتا نہیں برا لیکن

جہاں سوال ہو لازم سوال رکھتا ہوں

مری سرشت میں شامل ہے عاجزی لیکن

میں ساتھ ساتھ خودی کا خیال رکھتا ہوں

محبتوں کے اثاثے نہ ہاتھ سے جائیں

سو فکر فردا کو فردا پہ ٹال رکھتا ہوں

بجا کہ راہ طلب ہے بہت کٹھن ارشدؔ

میں حوصلے بھی مگر بے مثال رکھتا ہوں

مزید غزلیں از ارشد ندیم ارشد ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں