پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

احمد راہی کی غزلیں — Ahmad Rahi Ghazals

احمد راہی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

دن گزرتا ہے کہاں رات کہاں ہوتی ہے (غزل)

دن گزرتا ہے کہاں رات کہاں ہوتی ہے

درد کے ماروں سے اب بات کہاں ہوتی ہے

ایک سے چہرے تو ہوتے ہیں کئی دنیا میں

ایک سی صورت حالات کہاں ہوتی ہے

زندگی کے وہ کسی موڑ پہ گاہے گاہے

مل تو جاتے ہیں ملاقات کہاں ہوتی ہے

آسمانوں سے کوئی بوند نہیں برسے گی

جلتے صحراؤں میں برسات کہاں ہوتی ہے

یوں تو اوروں کی بہت باتیں سنائیں ان کو

اپنی جو بات ہے وہ بات کہاں ہوتی ہے

جیسی آغاز محبت میں ہوا کرتی ہے

ویسی پھر شدت جذبات کہاں ہوتی ہے

پیار کی آگ بنا دیتی ہے کندن جن کو

ان کے ذہنوں میں بھلا ذات کہاں ہوتی ہے

کوئی ماضی کے جھروکوں سے صدا دیتا ہے (غزل)

کوئی ماضی کے جھروکوں سے صدا دیتا ہے

سرد پڑتے ہوئے شعلوں کو ہوا دیتا ہے

دل افسردہ کا ہر گوشہ چھنک اٹھتا ہے

ذہن جب یادوں کی زنجیر ہلا دیتا ہے

حال دل کتنا ہی انسان چھپائے یارو

حال دل اس کا تو چہرہ ہی بتا دیتا ہے

کسی بچھڑے ہوئے کھوئے ہوئے ہم دم کا خیال

کتنے سوئے ہوئے جذبوں کو جگا دیتا ہے

ایک لمحہ بھی گزر سکتا نہ ہو جس کے بغیر

کوئی اس شخص کو کس طرح بھلا دیتا ہے

وقت کے ساتھ گزر جاتا ہے ہر اک صدمہ

وقت ہر زخم کو ہر غم کو مٹا دیتا ہے

دوست مایوس نہ ہو (نظم)

دوست مایوس نہ ہو

سلسلے بنتے بگڑتے ہی رہے ہیں اکثر

تیری پلکوں پہ یہ اشکوں کے ستارے کیسے

تجھ کو غم ہے تری محبوب تجھے مل نہ سکی

اور جو زیست تراشی تھی ترے خوابوں نے

جب پڑی چوٹ حقائق کی تو وہ ٹوٹ گئی

تجھ کو معلوم ہے میں نے بھی محبت کی تھی

اور انجام محبت بھی ہے معلوم تجھے

تجھ سے پہلے بھی بجھے ہیں یہاں لاکھوں ہی چراغ

تیری ناکامی نئی بات نہیں دوست میرے

کس نے پائی ہے غم زیست کی تلخی سے نجات

چار و ناچار یہ زہراب سبھی پیتے ہیں

جاں لٹا دینے کے فرسودہ فسانوں پہ نہ جا

کون مرتا ہے محبت میں سبھی جیتے ہیں

وقت ہر زخم کو ہر غم کو مٹا دیتا ہے

وقت کے ساتھ یہ صدمہ بھی گزر جائے گا

اور یہ باتیں جو دہرائی ہیں میں نے اس وقت

تو بھی اک روز انہی باتوں کو دہرائے گا

دوست مایوس نہ ہو!

مزید غزلیں از احمد راہی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں