ارشد نعیم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
جو بجھ گئے تھے چراغ پھر سے جلا رہا ہے (غزل)
جو بجھ گئے تھے چراغ پھر سے جلا رہا ہے
یہ کون دل کے کواڑ پھر کھٹکھٹا رہا ہے
مہیب قحط الرجال میں بھی خیال تیرا
نئے مناظر نئے شگوفے کھلا رہا ہے
وہ گیت جس میں تری کہانی سمٹ گئی تھی
اسے نئی طرز میں کوئی گنگنا رہا ہے
میں وسعتوں سے بچھڑ کے تنہا نہ جی سکوں گا
مجھے نہ روکو مجھے سمندر بلا رہا ہے
وہ جس کے دم سے میں اس کی یادوں سے منسلک ہوں
اسے یہ کہنا وہ گھاؤ بھی بھرتا جا رہا ہے
تمہیں کب لوٹنا ہے مجھ کو لکھو (نظم)
تمہیں کب لوٹنا ہے مجھ کو لکھو
منتظر آنکھوں کے ٹھہرے پانیوں میں
کائی جمتی جا رہی ہے
جو منظر کل تلک تازہ تھے
دھندلانے لگے ہیں
یوں ہی بے کار بیٹھے شوق کے پنچھی
بھی منقاروں کو زیر پر کئے
گیتوں سے رشتہ توڑنے کی کشمکش میں
مبتلا ہیں
ہمارے دل کا تیشہ وسوسوں کے زنگ
کی یلغار پر گریہ کناں ہے
مری جاں
قبل اس کے گیت سب
فریاد کی لے میں بکھر جائیں
ہمارے ولولے ان راستوں کی
خاک بن جائیں
مجھے لکھو تمہیں کب لوٹنا ہے