پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

احمد رئیس کی غزلیں — Ahmad Raees Ghazals

احمد رئیس کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

جیو جینے دو لوگوں کو سبھی کو شاد رہنے دو (غزل)

جیو جینے دو لوگوں کو سبھی کو شاد رہنے دو

یہ دنیا خوب صورت ہے اسے آباد رہنے دو

نہ پھر بھڑکاؤ شعلوں کو نہ رکھو بم کتابوں میں

یہ بچے پھول سے بچے ہیں ان کو شاد رہنے دو

دھواں اگلے گی یہ دھرتی لہو کی بارشیں ہوں گی

نہ اتنا ظلم فرماؤ ہمیں آباد رہنے دو

یہ جنت ہے اسے جنت کدہ ہی تا ابد رکھنا

یہاں کے ذرے ذرے کو گل و شمشاد رہنے دو

کرو اعلان خوشیوں کا بہاروں کے ترانوں کا

ہر اک آنگن کو بستی کے مرے آباد رہنے دو

قیامت آئی تو سب راکھ ہو جائے گا یہ گلشن

ستم کی دھوپ سے اس کو ابھی آزاد رہنے دو

بڑی قربانیاں دے کر اسے ہم نے تراشا ہے

اسی پیکر سے وابستہ حسیں ہر یاد رہنے دو

حصار ذات سے باہر نکل کے دیکھ لیا (غزل)

حصار ذات سے باہر نکل کے دیکھ لیا

زمانے ہم نے ترے ساتھ چل کے دیکھ لیا

ملا نہ ہم کو ذرا بھی قرار دنیا میں

قدم ملا کے ترے ساتھ چل کے دیکھ لیا

وہی ہے تیرہ شبی اور وہی ہے سناٹا

خلا میں دور بہت دور چل کے دیکھ لیا

جلا نہ دیپ کوئی چاہتوں کا رستے میں

ہجوم شہر میں تنہا بھی چل کے دیکھ لیا

عطا ہوا نہ ہمیں کوئی تمغہ الفت

تمہارے رنگ میں ہم نے بھی ڈھل کے دیکھ لیا

ہوئے نہ آج تلک ہم شمار زندوں میں

ہر اک لباس بدن کا بدل کے دیکھ لیا

آئیے وقت کے چہرے سے اٹھائیں یہ نقاب (نظم)

آئیے وقت کے چہرے سے اٹھائیں یہ نقاب

آئیے اپنے رقیبوں سے ملاقات کریں

آئیے پیار کی تہذیب کا عنواں بن کر

اک نئے عہد کی تخلیق کی کچھ بات کریں

آئیے اس کڑی دیوار ستم کو ڈھائیں

سب میں تقسیم محبت ہی کی سوغات کریں

بیٹھ کے دل کے دریچوں کو ذرا کھولیں تو

کھلتے موسم کی ہواؤں کو گرفتار کریں

جو نہ سوچا تھا کبھی ہم نے وہ سوچیں بے شک

مل کے چلنے کے لئے ذہن کو تیار کریں

آگ نفرت کی جلاتی ہے خوشی کے آنگن

پھول خوشبو سے زمیں کو حسیں گلزار کریں

فیصلہ اب نہ ہوا جنگ سے بے زاری کا

تو کبھی امن کا ماحول نہ ہوگا طاری

آگ بارود کی بو آئے گی اس مٹی سے

ٹینک توپوں میں بسر عمر یہ ہوگی ساری

مزید غزلیں از احمد رئیس ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں