ارشد مینا نگری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
نفرت کے اندھیروں کو مٹانے کے لئے آ (غزل)
نفرت کے اندھیروں کو مٹانے کے لئے آ
آ شمع محبت کو جلانے کے لئے آ
بے باک ہوا جاتا ہے اب درد جدائی
ابھرے ہوئے زخموں کو دبانے کے لئے آ
کب تک میں سنبھالوں تری یادوں کی امانت
یہ بار گراں دل سے ہٹانے کے لئے آ
یادوں کے دریچوں میں ترا روپ ہے لیکن
اب ہجر کا احساس بھلانے کے لئے آ
احساس کے صحرا کی اداسی نہیں جاتی
جھرنوں کی طرح گیت سنانے کے لئے آ
اک تیری محبت کا محافظ ہے مرا دل
خود اپنے لئے مجھ کو بچانے کے لئے آ
مجھ کو تو ہے منظور ترے پیار میں ارشدؔ
امرت نہ سہی زہر پلانے کے لئے آ
وہ ملے بھی تو اجنبی جیسے (غزل)
وہ ملے بھی تو اجنبی جیسے
مجھ کو دیکھا نہیں کبھی جیسے
جی رہا ہے جو صرف جینے کو
موت ہے اس کی زندگی جیسے
علم شامل ہے ہر جہالت میں
ہے اندھیرا یہ روشنی جیسے
اس قدر زعم چند سانسوں پر
خود خدا ہے یہ آدمی جیسے
آج تک بھی ملی نہیں منزل
میری رہبر ہے گمرہی جیسے
دشمنوں کا بھی ساتھ دیتا ہوں
مجھ کو ہے خود سے دشمنی جیسے
یہ بھی دن کٹ ہی جائے گا ارشدؔ
کٹ گئی غم کی رات بھی جیسے