پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ارشد جمال حشمی کی غزلیں — Arshad Jamal Hashmi Ghazals

ارشد جمال حشمی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

خواب کیا ہے کہ ٹوٹتا ہی نہیں (غزل)

خواب کیا ہے کہ ٹوٹتا ہی نہیں

اک نشہ ہے کہ ٹوٹتا ہی نہیں

اس نے کیا کیا ستم نہ توڑے ہیں

دل مرا ہے کہ ٹوٹتا ہی نہیں

ٹوٹتا جا رہا ہے اک اک خواب

سلسلہ ہے کہ ٹوٹتا ہی نہیں

رشتے ناطے تمام ٹوٹ گئے

سر پھرا ہے کہ ٹوٹتا ہی نہیں

پو پھٹی انگ انگ ٹوٹتا ہے

اور نشہ ہے کہ ٹوٹتا ہی نہیں

لہریں آ آ کے ٹوٹ جاتی ہیں

اک گھڑا ہے کہ ٹوٹتا ہی نہیں

دل کے دریا میں کیسا سنگ گرا

دائرہ ہے کہ ٹوٹتا ہی نہیں

ناؤ ٹوٹی دو نیم ہے پتوار

حوصلہ ہے کہ ٹوٹتا ہی نہیں

دھاگا کچا سہی مگر ارشدؔ

یوں بندھا ہے کہ ٹوٹتا ہی نہیں

اس کا انجام بھلا ہو کہ برا ہو کچھ ہو (غزل)

اس کا انجام بھلا ہو کہ برا ہو کچھ ہو

اب رعایا ہمیں رہنا نہیں شاہو کچھ ہو

زخم کا ایک سا یہ رنگ نہیں بھاتا ہے

اب تو یہ ٹھیک ہو یا اور ہرا ہو کچھ ہو

بند یادوں کے حوالات میں کب تک رہوں میں

یا میں ہو جاؤں بری یا تو سزا ہو کچھ ہو

جسم کہتا ہے کہ اب جاں سے گزر ہی جاؤ

دل یہ کہتا ہے کہ یہ رشتہ نباہو کچھ ہو

بے پرستش بشریت نہیں رہ سکتی ہے

بت ہو محبوب ہو دنیا ہو خدا ہو کچھ ہو

اب تو بستر سے یہ بیمار اٹھا چاہتا ہے

کچھ تو دو زہر ہلاہل ہو دوا ہو کچھ ہو

زیست ارشدؔ بڑی بے کیف ہوئی جاتی ہے

چاہیے درد پرانا ہو نیا ہو کچھ ہو

مزید غزلیں از ارشد جمال حشمی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں