ارشد بجنوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
حیا اخفا راز دل کی اک تدبیر ہوتی ہے (غزل)
حیا اخفا راز دل کی اک تدبیر ہوتی ہے
نظر جھکتی ہے وہ جس میں کوئی تحریر ہوتی ہے
رواج زحمت اظہار دی جاتی ہے ہونٹوں کو
محبت میں خموشی ورنہ خود تقریر ہوتی ہے
ہر اک دیوانہ پابند وفا رہتا ہے آخر تک
جنوں کے پاؤں میں بھی ہوش کی زنجیر ہوتی ہے
سبھی کرتے ہیں دعوے صاحب ایمان ہونے کا
مگر ہر دل کے آئینے میں اک تصویر ہوتی ہے
جہاں برق تپاں کی یورش پیہم کا امکاں ہو
عموماً آشیانے کی وہیں تعمیر ہوتی ہے
نہ جانے کون سے خوش بخت کا یہ قول ہے ارشدؔ
کہ آہ صبح گاہی میں بڑی تاثیر ہوتی ہے
اپنی حیات وقف غم یار ہی رہی (غزل)
اپنی حیات وقف غم یار ہی رہی
لیکن نگاہ یار دل آزار ہی رہی
تنہائی کے غموں کا مداوا نہ ہو سکا
حالانکہ تیری یاد بھی غم خوار ہی رہی
ان کو شعور جلوہ نمائی سکھا دیا
پھر بھی نگاہ شوق خطا وار ہی رہی
وہ بے نقاب سامنے بیٹھے رہے مگر
میری نگاہ تشنۂ دیدار ہی رہی
ارشدؔ جمال یار سے وابستہ ہے سخن
ان کی طرح غزل بھی طرحدار ہی رہی