احمد معاذ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ہمارے ہاتھ جو آتے نہیں ہیں (غزل)
ہمارے ہاتھ جو آتے نہیں ہیں
اگر آ جائیں تو جاتے نہیں ہیں
جنہیں ہم دیکھتے رہتے ہیں گھنٹوں
انہیں اک آنکھ بھی بھاتے نہیں ہیں
کسی دن دل میاں دو لخت ہوں گے
اگر آپ ان کو سمجھاتے نہیں ہیں
سوال ایسے ہی کر لیتا ہوں ان سے
انہیں ویسے جواب آتے نہیں ہیں
معاذؔ اس واسطے جھکتے نہیں ہم
جو سیدھے ہوں وہ بل کھاتے نہیں ہیں
جو کہا اس نے مجھے پیار میں تبدیل کیا (غزل)
جو کہا اس نے مجھے پیار میں تبدیل کیا
اس کی ہر بات کو اشعار میں تبدیل کیا
ہم نے اخلاص کے انمول نگینے پا کر
کثرت بزم کو دو چار میں تبدیل کیا
ہجر کے خوف کو امکان میں رکھ کر ہم نے
خواہش وصل کو بیکار میں تبدیل کیا
ساری خوشیوں کا ملن ایک جگہ پر تھا معاذؔ
جب ترے ہجر کو تہوار میں تبدیل کیا
مزید غزلیں از احمد معاذ ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں